وفاقی حکومت کی بلوچستان میں مداخلت غیر آئینی ہے، مولانا عبدلواسع

کوئٹہ: جمعیت علما اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت بلوچستان کے معاملات میں مداخلت کرنے سے گریز کریں،وزیراعظم کا بلوچستان کے معاملات دخل اندازی غیر آئینی اور غیر جمہوری عمل ہے ان معاملات پر جلد ہی پارلیمنٹ میں بحث کریں گے کیونکہ بلوچستان کے عوام اور سیاسی جماعتیں شعور رکھتے ہیں اور ان معاملات پر خاموش نہیں رہیں گے عید کے بعد وفاقی اور صوبائی حکومتیں نہیں رہے گی سلیکٹڈ صوبائی حکومت عوام کو روزگار دینے کا موقع دیں اور عید کے موقع پر کاروباری مراکز بند کرنا نااہل حکومت کی نااہلی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کے صوبائی دفتر میں کارکنوں اور عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے ان کے معاملات میں مداخلت اٹھارویں ترمیم کی خلاف ورزی ہے کیونکہ اٹھارویں ترمیم میں واضح طور پر لکھاگیا ہے کہ وفاق کسی بھی صورت صوبے کے معاملے میں مداخلت نہیں کرسکتا مگربدقسمتی سے اب صورتحال یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ وزیراعظم ہر معاملے میں مداخلت کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو صوبائی حکومت نااہل ہے اور دوسری طرف ان حالات میں اس طرح مداخلت کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عید کے بعد جلد ہی ان تمام معاملات کو پارلیمنٹ میں زیر بحث لائیں گے اور صوبائی حکومت کے خلاف عید کے فورا بعد شدید احتجاج کیا جائے گا اور صوبائی حکومت کو موقع دیں گے کہ وہ اپنے اخلاقی شکست کو تسلیم کرکے فوری طور پر مستعفی ہو جائیں اور عوام کو مزید گمراہ نہ کریں ورنہ حالات کی تمام تر ذمہ داری نااہل حکومت پر عائد ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں