این اے 249؛ دوبارہ گنتی میں بھی پیپلز پارٹی کے قادر مندوخیل کامیاب

کراچی: قومی اسمبلی کی نشست این اے249 کے ضمنی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا مرحملہ مکمل ہوگیا جب کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل برتری برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔الیکشن کمیشن نے تیسرے روز این اے 249 کے ضمنی انتخاب کے 276 پولنگ اسٹیشنز کی گنتی مکمل کرلی، نئے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر خان مندوخیل نے 15656 ووٹ حاصل کیے، ان کے 500 ووٹ کم ہوئے مگر نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کے 726 ووٹ کی کمی نے قادر خان مندوخیل کی برتری 909 ووٹ تک پہنچادی جبکہ ضمنی انتخاب میں یہ سبقت 683 ووٹ کی تھی۔

مفتاح اسماعیل کو دوبارہ گنتی میں 14747 ووٹ ملے جبکہ ضمنی انتخاب میں انہوں نے 15473 ووٹ حاصل کیے تھے،اسی طرح دوبارہ گنتی میں ٹی ایل پی کے امیدوار نزیر احمد کو 457 ووٹ کی کمی سے 10668 ووٹ، پی ایس پی امیدوار مصطفی کمال کو 499 ووٹ کی کمی سے 8728 ووٹ، پی ٹی آئی امیدوار امجد اقبال آفریدی کو241 ووٹ کی کمی سے 8681 ووٹ اور ایم کیو ایم کے امیدوار حافظ مرسلین کو 504 ووٹ کی کمی سے 7007 ووٹ ملے۔

آزاد امیدوار احمد کے بھی 294 ووٹ کم ہوگئے اور دوبارہ گنتی میں ان کے حاصل ووٹوں کی تعداد 1296 رہ گئی، ان 7 امیدواروں کے مجموعی طور پر 3221 ووٹ کم ہوئے جبکہ ضمنی انتخاب میں 30 امیدواروں کے مسترد ووٹوں کی تعداد 731 تھی، اس واضح فرق سے پولنگ اسٹیشنز میں تعینات انتخابی عملے کی اہلیت پر سوال اٹھ گئے ہیں، آخر ضمنی انتخاب کے دوران ان 7 امیدواروں کے حق میں مسترد ووٹوں کا درست شمار کیسے کیا گیا۔

دریں اثنا این اے 249 کی دوبارہ گنتی میں قادر خان مندو خیل کو کامیابی پر صوبائی وزیر اطلاعات سید نا صر حسین شاہ نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوبارہ گنتی میں پیپلز پارٹی کے کامیاب امیدوار کی برتری بڑھ گئی، ہمارے مخالفین کو پیپلز پارٹی کی جیت ہضم نہیں ہو رہی ہے اور وہ اپنی شکست کو چھپانے کے بہانے ڈھونڈ رہے تھے اس ی لیے اپنی شکست بھانپ کر بھاگ گئے، انھوں نے کہا کہ این اے 249 کے عوام نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کو ووٹ دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں