بلوچستان میں کورونا ٹیسٹ کی صورتحال بہتر نہ ہو سکی

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان میں کورونا وائرس کی تشخیص کے لئے ٹیسٹوں کی صورتحال میں بہتری نہ آسکی۔ گزشتہ روز صوبے کے 22 اضلاع میں کوروناکا کوئی ٹیسٹ نہیں ہوا۔صوبے میں کورونا کے ٹیسٹوں اور ویکسینیشن کی کم شرح پر ہیومین رائٹس کمیشن آف پاکستان نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔کورونا وائرس کے پھیلاو کو صحیح جانچنے کے لئے ٹیسٹوں کا ہونا ناگزیر ہے، مگر صورتحال یہ ہے کہ صوبے میں ٹیسٹوں کی تعداد بہت کم ہے، جس کا اندازہ روزانہ کی بنیاد پر پانچ سو سے ایک ہزار تک کئے جانیوالے ٹیسٹوں کی تعداد سے لگایا جاسکتا ہے۔زیادہ تر ٹیسٹ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہی کئے جارہے ہیں جبکہ صوبے کے بیشتر اضلاع یومیہ ٹیسٹوں کی سہولت سے ہی محروم ہیں، یہی صورتحال اس بیماری سے بچاو کیلئے ویکسینیشن کی بھی ہے کہ اب تک صرف کم و بیش 34 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جاسکی ہے۔ہیومین رائٹس کمیشن کے اہم عہدیدار کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے کورونا کی روک تھام کے لئے سنجیدہ رویہ اور حکمت عملی اختیار نہ کی اور عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو صورتحال خدانخواستہ بھارت اور اٹلی سے بھی بدتر ہوسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں