عید الفطر پر مسافروں کا رش، ائیرلائنز کو مزید 30 فیصد پروازوں کی اجازت مل گئی

کراچی: عید الفطر پر مسافروں کے رش کے باعث تمام ائیرلائنز کو مزید 30 فیصد پروازوں کی اجازت مل گئی۔ تفصیلات کے مطابق عید الفطر کے موقع پر مسافروں کے رش کے باعث سول ایوی ایشن کی جانب سے تمام ائیرلائنز کو مزید 30 فیصد پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دے دی گئی، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تمام ایئرلائنز سے 18 مئی تک شیڈول طلب کرلیا۔اس ضمن میں سی اے اے کی طرف سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ائیرلائنز30 فیصد پروازوں کو مسافروں کے ساتھ بیرون ملک لے جاسکیں گی لیکن واپسی پر صرف کارگو سامان لانے کی اجازت ہوگی۔ ترجمان سی اے اے کے مطابق اس قبل سے پہلے 20 فیصد ایئرلائنز کو مسافر لے جانے اور واپس لانے کی اجازت تھی، 20 فیصد پروازوں کو 20 مئی تک محدود کیا گیا تھا تاہم 30 فیصد پروازیں آپریٹ کرنے کی اجازت دینے کا یہ فیصلہ پروازوں کی قلت اور رش کی وجہ سے کیا گیا ہے۔دوسری طرف متحدہ عرب امارات کی حکومت نے پاکستان سے آنے والی تمام مسافر پروازوں پر پابندی لگا دی ہے، یہ پابندی پاکستان کے علاوہ بنگلہ دیش، سری لنکا اور نیپال سے آنے والی مسافر پروازوں پر بھی عائد کی گئی ہے، فی الحال اس پابندی کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے، تاہم اس پابندی کے بعد ٹرانزٹ ویزہ والے مسافروں کو بھی یو اے ای آنے کی اجازت نہیں ہو گی، یہ پابندی پاکستان سے آنے والی مقامی ایئر لائنز کے ساتھ ساتھ تمام بین الاقوامی ایئر لائنز پر بھی لاگو ہو گی البتہ دیگر ممالک سے پاکستان جانے والے مسافروں کو ٹرانزٹ ویزہ پر امارات رکنے کی اجازت ہوگی ان پر اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا جب کہ پاکستان سے آنے والی کارگو فلائٹس بھی اس پابندی سے مستثنی ہوں گی۔نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (NCEMA) کی جانب سے پاکستان سمیت دیگر ممالک پر پابندی کا اعلان کیا گیا، یہ پابندی پاکستان اور دیگر ممالک میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث لگائی گئی ہے البتہ پاکستان سے اماراتی شہریوں کو امارات واپس آنے کی اجازت ہو گی، اسی طرح سفارتی مشنز، سرکاری وفود، گولڈل ویزہ ہولڈرز بھی امارا ت واپس جا سکیں گے اور بزنس مین طبقہ اپنے ذاتی جہازروں پر بھی امارات پہنچ سکے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں