چیف سیکرٹری کی سربراہی میں قائم پارلیمانی کمیٹی میں کون کون شامل ہیں
کوئٹہ:حکومت بلوچستان کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق چیف سیکرٹری کی سربراہی میں پارلیمانی کمیٹی قائم کردی گئی کمیٹی بنتے ہی متنازعہ ہوگئی۔تفصیلات کے مطابق حکومت بلوچستان نے چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر)فضیل اصغر کی سربراہی میں کورونا وائرس کے امورسے متعلق حکومت کی رہنمائی کیلئے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی جس میں صوبائی وزراء نوابزادہ طارق مگسی،سردار عبدالرحمن کھیتران،سرداریارمحمد رند،میر ضیاء لانگو،میراسداللہ بلوچ،عبدالخالق ہزارہ،اپوزیشن لیڈر ملک سکندرایڈووکیٹ،ارکان اسمبلی ملک نصیرشاہوانی،نصراللہ زیرے،سید احسان شاہ،نوابزادہ گہرام بگٹی،اصغر خان شامل ہیں۔کمیٹی کے قیام کو سیاسی حلقوں کی جانب سے انتہائی غیر مناسب اقدام قرار دیا گیا ہے سینئر ترین سیاستدانوں نے بتایا کہ ایک ایم پی اے 22گریڈ کے افسر کے برابر ہوتاہے جبکہ کمیٹی کے سربراہ چیف سیکرٹری بلوچستان 21گریڈ کے افسر ہیں 22گریڈ کے ایم پی ایز کیسے 21گریڈ کے افسر کی سربراہی میں کام کریں گے۔انکا کہنا تھا کہ جس کمیٹی میں سینئر وزراء موجود ہیں وہاں ایک بیور وکریٹ کو سربراہ بنانے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے ایسا کبھی نہیں ہوا کہ فلیگ ہولڈر منسٹر کسی بیورو کریٹ کی سربراہی میں کام کرے یہ حکومت کی اب تک کی سب سے بڑی سیاسی غلطی ہے یا پھر جان بوجھ کر اس کمیٹی کو متنازعہ بنایا گیا ہے تاکہ حکومت کسی کو جوابدہ نہ ہو۔