حقوق پاکستان پراجیکٹ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں، محکمہ انسانی حقوق بلوچستان

کوئٹہ:بلوچستان حکومت کے پچیس سے زیادہ عہدیداروں و اہلکاروں نے "پاکستان میں انسانی حقوق کی رپورٹنگ کی عالمی ذمہ داریوں ” کے بارے میں دو روزہ تربیت مکمل کرلی۔ تربیت کا اہتمام پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ کیلئے سرگرم یورپی یونین کے اعانت شدہ منصوبے حقوق پاکستان پراجیکٹ نے محکمہ انسانی حقوق بلوچستان کے اشتراک سے کیا تربیت کا بنیادی مقصد بین الاقوامی انسانی حقوق کی رپورٹنگ اور ان پر عمل درآمد کے سلسلے میں سماجی بہبود، خصوصی تعلیم، خواندگی، غیر رسمی تعلیم اور محکمہ انسانی حقوق، ٹریٹی امپلیٹیشن سیل و دیگر صوبائی محکموں کے اہلکاروں کی انسانی حقوق سے متعلق پاکستان کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی رپورٹنگ کی فنی و آپریشنل صلاحیتوں کو فروغ دینا ہے۔ دو روزہ تربیت کا افتتاح صوبائی سیکرٹری سماجی بہبود، خصوصی تعلیم، خواندگی، غیر رسمی تعلیم اور محکمہ انسانی حقوق بلوچستان عبدالرؤف بلوچ نے کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری عبدالرؤف بلوچ نے حقوق پاکستان منصوبے کی جانب سے پاکستان کے لئے انسانی حقوق کی فلیگ شپ ٹریننگ اور صلاحیت کار میں اضافہ کے پروگرام کو سراہا تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ تمام شرکاء اور ہمارا محکمہ اس بات پر متفق ہے کہ اس تربیت سے سرکاری عہدیداروں کی معلومات میں اضافہ ہوگا جو انسانی حقوق کی بین الاقوامی رپورٹنگ کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو کی تکمیل کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعداد کار کی بہتری کے ساتھ، متعلقہ محکمے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے حکومت کی کوششوں کو موثر انداز میں اجاگرکرسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق ایک وسیع مضمون ہے اور دیگر تمام سرکاری محکمے اس سے منسلک ہیں۔ "انسانی حقوق کے محکمہ کو مضبوط بنانا اس حکومت کی ترجیح ہے لیکن اس کے لئے ہمیں دوسرے تمام متعلقہ محکموں اور بین الاقوامی فورموں سے تعاون کی ضرورت ہے۔حقوق پاکستان پروگرام کے سینئر ایکسپرٹ علی دیان حسن نے اس موقع پر حقوق پاکستان پروگرام اور تربیت کے مقاصد کا جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تربیتی پروگرام وفاقی اور صوبائی سطح پر انسانی حقوق کے متعلقین کی مشاورت سے تیار کیا گیا۔ اس کا مقصد تربیت سے پاکستان کے حقائق اور تناظر کی عکاسی کرنے کو یقینی بنانا تھا۔حقوق پاکستان پراجیکٹ محکمہ انسانی حقوق بلوچستان کے تحت کام کرتے ہوئے خوشی محسوس کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی محکمہ انسانی حقوق نے ثابت کیا ہے کہ جب سرکاری اہلکار انسانی حقوق کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں تو، وسائل کی کمی ایک ناقابل تسخیر چیلنج نہیں بلکہ محض ایک رکاوٹ ہے جس پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقوق پاکستانپراجیکٹ صوبے میں انسانی حقوق کے مضبوط طریقہ کے فروغ میں مدد کرنے پر خوش ہے تاہم اس کام کا اصل سہرا محکمہ اور اس کی قیادت کے سرہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں انسانی حقوق کے فروغ کے پراجیکٹ حقوق پاکستان کو یورپی یونین کا مالی تعاون حاصل ہے اور اس پروگرام کا بنیادی مقصد انسانی حقوق کے فروغ کے لئے حکومت پاکستان کی جاری کوششوں کی حمایت کرنا ہے۔اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرؤف بلوچ نے ایک بار پھر حقوق پاکستان پراجیکٹ، یورپی یونین اورشریک اداروں کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ مہینوں اور سالوں میں اس شراکتداری میں مزید وسعت اور گہرائی آئے گی جبکہ یہ تربیت محکمہ کو بین الاقوامی انسانی حقوق کی رپورٹنگ کے اپنے مینڈیٹ پر عمل در آمد کیلئے درکار لوازمات سے متعلق ضروری استعداد سے آراستہ کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔تربیت کے اختتام پر بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری سماجی بہبود، خصوصی تعلیم، خواندگی، غیر رسمی تعلیم اور محکمہ انسانی حقوق بلوچستان عبدالرؤف بلوچ اور حقوق پاکستان پراجیکٹ کے سینئر ایکسپرٹ مسٹر علی دیان حسن نے تربیت مکمل کرنے والوں کو اسناد سے بھی نوازا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں