گوادرواقعہ انتظامی اداروں کی حکمت عملی کا غلط نتیجہ ہے، مولانا عبد الحق ہا شمی

کوئٹہ:امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ گوادرمیں یکم جون کو ہونے والاواقعہ انتظامی اداروں کی حکمت عملی کا غلط نتیجہ ہے ہم واپڈااہلکاروں کی زیادتیوں،پولیس کی غنڈہ گردی اورانتظامیہ،غفلت وکوتاہی کی شدید مذمت کرتے ہیں مسائل کے حل کیلئے آوازاُٹھانا شہریوں کی فطری وجمہوری حق ہے سعید بلوچ نے بہتر موقع پر عوام کی قیادت کرکے بہترین کام کیا جس پر نہ صرف جماعت اسلامی بلکہ گوادر کے عوام فخر کرتے ہیں ہم سب سعید بلوچ،بیٹے وکزن کی گرفتاری،تشدد،چادروچاردیواری کے تقدس کی پامالی،گھرکے خواتین کو گالی دینے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔غفلت کے مرتکب پولیس اہلکاروں کو قرارواقعی سزادی جائیں۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے گوادر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نائب امراء بشیرا حمدماندائی،زاہداختر بلوچ،ضلع گوادر کے امیر مولانا لیاقت بلوچ،نائب امیر سعید احمدبلوچ،جنرل سیکرٹری امام بخش دلوش اورضلع لسبیلہ کے امیر محمد اقبال ابڑوموجودتھے۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ گوادر کے عوام،شہریوں،جماعت اسلامی کے کارکنوں نے اس وقعہ پر جس ردعمل کا اظہارکیا وہ قابل ستائش ہے اگر مظالم،زیادتیوں،حکومتی بے حسی کے خلاف ہم اسی طرح بروقت ردعمل،یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کریں تو مسائل میں ضرور کمی آئیگی اور غافل،ظالم نااہل حکومت وانتظامیہ کے مظالم وزیادتیوں کامقابلہ کیا جاسکتاہے۔ گوادر کی ترقی سے گوادر کے عوام کو محدود رکھا جارہا ہے بلوچستان کے عوام کو وفاق کیساتھ صوبائی حکومتوں نے بنیادی انسانی حقوق تک سے محروم رکھا ہے۔پینے کاصاف پانی،علاج وتعلیم سے بلوچستان یعنی آدہ پاکستان محروم ہے۔اگر بجلی سے محرومی ناجائز ناروالوڈشیڈنگ کے خلا ف آوازاُٹھائی جائے تو انہیں گرفتار کرکے مقدمات بنائے جاتے ہیں سعید بلوچ احتجا ج کی قیادت کر رہے تھے مسائل کے حل کی بجائے لاٹھی،گولی اور تشددسے عوامی جذبات کو کچلاجارہا ہے۔ جماعت اسلامی عوامی مسائل ومشکلات اور پریشانیوں پر آوازاُٹھانے والوں کی قانونی معاونت ومددکریگی۔گوادر کے عوام نے واپڈامظالم کیسکو کی ناروابجلی لوڈشیڈنگ کے حوالے سے بھر پور احتجاج کرکے اپنا حق ادا کردیا بلوچستان کو اندھیروں میں دکھیلا گیا ہے نہ تعلیم نہ صحت اور نہ بنیادی انسانی حقوق بلوچستان کیساتھ سوتیلی ماں کا سلوک کب تک۔ گوادرسمیت بلوچستان کے تمام اضلاع کو بجلی، پانی،گیس سمیت دیگر ضروریات زندگی فراہم کی جائے شہر وں کی تاریخی حیثیت کو جدیدترقی کے ثمرات دیے جائیں تمام شہریوں کو شہری حقوق یقینی بنائے جائیں گوادر کے نوجوانوں کو روزگار،تعلیم وصحت کی سہولیات،ہنر مندی اور باعزت زندگی کا تحفظ فراہم کیا جائے،بلوچستان اور پورے ملک سے لاپتہ افرادکو فوری رہا کیاجائے گوادر کے ماہی گیروں کے روزگار کا تحفظ ریاست وصوبے کی ذمہ داری ہے محنت کش ماہی گیروں سے روزگار چھیننا بند کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں