غریب کے ساتھ سیاست نہیں کرنی چاہیے، شوکت ترین

اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کا کہنا ہے کہ حکومت کے پاس اتنی گنجائش نہیں کہ ایک سال میں 500 سے 600 ارب روپے دے، عوام کو قرضے ہول سیل فنانسنگ، کمرشل بینکوں سے دلارہے ہیں۔پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘اخوت نے ڈیڑھ سو ارب روپے کے چھوٹے قرضے دیے ہیں جس سے ریکوری 99 فیصد تک ہوئی’۔

ان کا کہنا تھا کہ کمرشل بینک جب غریب عوام کو قرضے دیں گے تو ہم انہیں ضمانت دیں گے کہ یہ پیسے واپس آئیں گے’۔انہوں نے بتایا کہ ‘ثانیہ نشتر ہر خاندان کی آمدن کے حوالے سے ایک سروے کر رہی ہیں، اس کے مطابق یہ قرضے دیے جائیں گے، غریب کے ساتھ سیاست نہیں کرنی چاہے وہ ملک کے کسی بھی کونے میں ہو’۔

انہوں نے کہا کہ ‘کاشتکار کو ڈیڑھ لاکھ روپے ہر فصل کا دیں گے، ٹریکٹر لیز کرنے کے 2 لاکھ روپے دیں گے اور شہری علاقوں میں 5 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ دیں گے تاکہ وہ کاروبار کرسکے’۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ‘ہم ہر خاندان کو اپنی چھت دیں گے، اس کی حد 20 لاکھ روپے تک ہے کیونکہ شہری علاقوں میں زمینیں مہنگی ہیں’۔

انہوں نے کہا کہ ‘اس کے علاوہ جب غریب کے گھر کوئی بیمار ہوجاتا ہے تو انہیں علاج کے لیے پیسوں کے مسائل کا سامنا ہوتا ہے اور انہیں اپنی چیزیں بیچنی پڑ جاتی ہیں تاہم صحت کارڈ سے ان کے مسائل کا حل ہوگا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم چاہتے ہیں کہ اِسکل ڈیولپمنٹ پر کام کریں تاکہ غریبوں کو روزگار مل سکے’۔

انہوں نے کہا کہ ‘حکومت نے معاشی نمو کو سب تک منتقل کیا ہے اور اس بجٹ میں پی ایس ڈی پی، صنعتوں زراعت وغیرہ سب کو مراعات دی ہیں تاہم اب ہمارا چیلنج مستحکم نمو لانا ہے’۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ‘ملک کے قابل اکانومسٹ کو اکٹھا کرکے میں ان سے یہ سوال کیا تھا کہ ہمارے ملک کی مستحکم نمو کیوں نہیں ہوتی تو انہوں نے کہا تھا کہ جب آپ کی معیشت میں طلب بڑھتی ہے تو درآمد بڑھتی ہے اور برآمد اتنی نہیں بڑھتی جس سے ڈالر کم ہوتے ہیں اور وہ آپ چھاپ نہیں سکتے تو آپ کی مالیاتی صورتحال کمزور ہوجاتی ہے اور آپ کو آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑتا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘اسی وجہ سے ہم ہر وقت آئی ایم ایف کے پاس جاتے ہیں، ہمیں ڈالر کمانے ہیں جو ہم برآمدات سے ہی کماسکتے ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘ہماری برآمدات جی ڈی پی کا 8 فیصد ہے، کوشش ہے کہ آئندہ 8 سے 10 سال کے درمیان اسے 20 فیصد تک لے جائیں’۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ‘اس کے علاوہ ماہہرین نے کہا تھا کہ ہمیں اپنی سیونگز بڑھانی ہوں گی اس کے ذریعے سرمایہ کاری ہوگی’۔ان کا کہنا تھا کہ جب تک سرمایہ کاری نہیں ہوگی تو معیشت کیسے بڑھے گی، فی الوقت ہماری سیونگز کی شرح 15 سے 16 فیصد ہے اور ہمیں اسے بڑھانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہمارے پاس ریونیو نہیں، ریونیو ایف بی آر اور صوبے اکٹھا کرتے ہیں، ہم نے اس پر کافی چیلنجنگ ٹاسک دیا ہے کہ وہ 47 کھرب تک اکٹھا کریں گے’۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ‘کہا جارہا ہے کہ یہ کیسے ہوگا، ہم یہ پورا کرلیں گے، جیسا خان صاحب کہتے ہیں، گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم نے اسے آئندہ سال کے لیے 58 کھرب کردیا ہے، تو لوگ کہہ رہے ہیں کہ یہ رسک ہے، ہم نے بہت لوگوں کی معلومات حاصل کرلی ہیں جو ٹیکس نہیں دیتے، ہم اب ان کے پاس جائیں گے’۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے یہی مذاکرات ہوئے ہیں کہ جو ٹیکس دے رہے ہیں ان پر ٹیکس نہیں لگائیں گے بلکہ مزید لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے۔شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ’10 ہزار پی او ایس استعمال کیے ہیں جس سے 150 سے 125 ارب کی فروخت ریکارڈ کی ہے، یہ کچھ بھی نہیں، صرف امتیاز اسٹور کی فروخت 2 سے 3 سو ارب کی ہے مطلب انہوں نے پورے ظاہر ہی نہیں کیے میں اور کا نام نہیں لینا چاہتا’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم چاہتے ہیں کہ مزید اداروں کو اِس پی او ایس نظام میں لے کر آئیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘پی او ایس پر آنے کے بعد ریٹیلر کچی پرچی پر کام کرنا شروع کردیں گے تو اسے روکنے کے لیے صارفین سے پکی پرچی طلب کریں گے اور اس پر 25 کروڑ روپے تک کے انعامات دیں گے جسے بڑھا کر ایک ارب روپے تک لے کر جائیں گے’۔

شوکت ترین کا کہنا تھا کہ ‘صارف خود جاکر ان کا گلا پکڑے گا کہ ہمیں پکی پرچی چاہیے ہیں، یہ ترکی اور دیگر ممالک میں بھی طریقہ کار اپنایا جاچکا ہے’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘4 علاقوں کو ٹریک اینڈ ٹریس میں لے کر آئیں گے، ہم کرسکتے ہیں گزشتہ سال بغیر پی او ایس کے 160 ارب اکٹھا کیا تھا ہم نے’۔انہوں نے ککہا کہ ‘ہمارا ریونیو ہدف جارحانہ ضرور ہے تاہم اگر ہم نے یہ کرلیا تو ایک مالی خلا ہمیں ملے گی جس کو ہم زراعت میں استعمال کرسکیں گے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں