ججز کی تقرری بذریعہ امتحان، انٹرویو کرنے کی اپیل خارج، فیصلہ جاری
لاہور :لاہور ہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی تقرری بذریعہ امتحان، انٹرویو کرنے کی اپیل خارج کرنے کا فیصلہ جاری کردیا۔
ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے غلام یسین بھٹی کی ججز کی تقرری کے لیے سی ایس ایس کا طریقہ اختیار کرنے کی اپیل خارج کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔
درخواست گزار کا موقف تھا کہ کل ہائیکورٹ میں وکالت کا دس سال کا تجربہ رکھنے والا ہر وکیل جج بننے کا اہل ہے اس لیے امیدواروں کی درخواستیں طلب کرنے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہونا چاہئے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ امتحانات اور انٹرویو کے ذریعے ججز کی تقرری آرٹیکل 175 اے کی روشنی میں عجوبہ ہے۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ آرٹیکل 175 اے کے علاوہ کوئی طریقہ کار اختیار کرنا آئین کے مینڈیٹ میں مداخلت ہوگا۔
عدالت نے مزید کہا کہ قانون سازوں نے تقرریاں شفاف بنانے کے لیے یہ آرٹیکل اٹھارویں ترمیم کے ذریعے شامل کیا گیا، اس لیے عدالت یہ اپیل خارج کرتی ہے۔


