کوئٹہ، خواتین اور بچوں کو انصاف فراہم کرنے کیلئے پہلا ویمن پولیس اسٹیشن قائم

کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں خواتین اور بچوں کے مسائل کے حل اور انہیں انصاف فراہم کرنے کے لیے کوئٹہ میں بلوچستان کا پہلا ویمن پولیس اسٹیشن قائم کر دیا گیا، تھانے میں نہ صرف کوئٹہ بلکہ بلوچستان بھر کی خواتین کی شکایات اور مسائل کا دوستانہ ماحول میں ازالہ کیا جا سکے گا۔ تھانے میں خاتون ایس ایچ او سمیت 19 تعلیم یافتہ خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔لیڈی ایس ایچ او زرغونہ ترین نے گزشتہ روز نجی ٹی وی چینل کو بتایا کہ بلوچستان میں قبائلی معاشرہ ہونے کی وجہ سے اکثر خواتین تھانے جانے سے اجتناب کرتی ہیں لیکن ویمن پولیس اسٹیشن کے قیام سے اب وہ خواتین بھی آسانی کے ساتھ اپنی شکایات لے کر آسکتی ہیں۔پولیس اسٹیشن میں گھریلو ناچاقی اور دوسرے تنازعات کے علاوہ خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس اور کریکٹر سرٹیفیکیٹ سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔لیڈی پولیس آفیسر کے مطابق بلوچستان کے پہلے پولیس اسٹیشن کے قائم ہونے کے بعد خواتین کا پولیس پر اعتماد بڑھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں