ملک کو ناقابل تسخیر بناکر صحت کے شعبہ میں کام کررہا ہوں: ڈاکٹر عبدالقدیر خان
لاہور: محسن پاکستان، ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ ملک کو ایٹمی قوت بنا کر اسے ناقابل تسخیر بنا دیا۔اس وقت ملک کو صحت کے شعبہ میں مسائل درپیش ہیں۔ ان مسائل سے نمٹنا اکیلے حکومت کے بس کی بات نہیں۔فلاحی اداروں کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ اس لئے لاہور میں مینار پاکستان کے سائے تلے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کی بنیاد رکھی۔ہسپتال کے اوپی ڈی میں غریب مریضوں کا مفت علاج معالجہ کیا جا رہا ہے۔ مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر ہسپتال کے توسیعی منصوبے اور مین ٹاور کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ اس کی تکمیل اکتوبر 2020میں ہوجائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے زیراہتمام مخیر حضرات کے اعزاز میں دیئے گئے سالانہ ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سالانہ ڈنر کی تقریب میں چیف ایگزیکٹو شوکت ورک، جنرل منیجر فاروق بلوچ،وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر نیاز احمد، معروف میزبان عائشہ ثنایئ، اداکار راشد محمود، خالد عباس ڈ ار، اشرف خان، علی میر اور دیگر نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے صحت کے شعبہ پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ غریب مریضوں کی خدمت کرنا انسانیت کی سب سے بڑی نیکی ہے۔بیمار شخص کی خدمت کرنا بھی عبادت ہے۔ ہمیں انسانوں کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ ہمیں اس کارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ اس موقع پر چیف ایگزیکٹو شوکت ورک نے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی قیادت میں عظیم مشن کو لے کر چل رہے ہیں۔ ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیلسز سنٹر بنائے گئے ہیں۔ جہاں پر مریضوں کے مفت ڈائیلسز کرنے کے ساتھ ساتھ تمام ادویات بھی مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈیجیٹل ایکسرے، کلر ڈوپلر، آنکھوں اور دندان کا شعبہ جات، الٹرا ساؤنڈ اور دیگر شعبہ جات کام کر رہے ہیں۔ مین ٹاور کی بلڈنگ مکمل ہونے کے بعد بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر ہسپتال میں طبی سہولیات سے استفادہ کرنے والے مریضوں نے بھی اپنے تاثرات بیان کئے اور ڈاکٹر عبدالقدیر خان کا غریبوں کے لئے ہسپتال بنانے پر شکریہ ادا کیا۔