صوبائی حکومتی ارکان نے اپوزیشن کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروا دی

کوئٹہ:حکومتی ارکان نے متحدہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے خلاف تحریک استحقاق جمع کروا دی۔ گزشتہ روز صوبائی وزرا میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم احمد کھوسہ،انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر اسداللہ بلوچ،عبدالخالق ہزارہ،میر ضیا اللہ لانگو، مشیر و پارلیمانی سیکرٹریز میر گہرام خان بگٹی، حاجی محمد خان لہڑی، مبین خان خلجی بشری رند، خلیل جارج کے دستخط مرتب کردہ تحریک استحقاق بلوچستان اسمبلی کے سیکرٹری کو جمع کرادی تحریک استحقاق کے متن کے مطابق بطور ممبران بلوچستان صوبائی اسمبلی ہم تحریک استحقاق پیش کرتے ہیں کہ مورخہ 18.06.2021کو بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے قبل احاطہ صوبائی اسمبلی میں اپوزیشن اراکین کی جانب سے غیر سنجیدہ،غیر پارلیمانی، غیر آئینی اقدام اور نازیبا ریمارکس استعمال کئے گئے جس سے ہمارا استحقاق مجروح ہوا ہے اس کے ساتھ ساتھ اپوزیشن اراکین نے اسمبلی کے احاطے میں نہ صرف اپنی جماعت کے کارکنان کو اکٹھا کرکے صوبائی وزرا پر حملے کی کوشش کی بلکہ اسمبلی کے ملازمین کو بھی احتجاج پر اکسایا ہمیں ہمارے آئینی اورقانونی حق سے محروم کرنے کی کوشش کی گئی ہمیں اسمبلی میں داخل نہیں ہونے دیا گیا اسمبلی کے دروازوں کو تالے لگائے گئے اور جب ہم کسی طرح ہم اسمبلی کے احاطے میں داخل ہوئے تو ہم پر حملہ کروایا گیا تھوڑ پھوڑکی گئی ہم پر پتھراؤ کیا گیا اور مقدس ایوان کے تقدس کو نہ صرف پامال کیا گیا بلکہ خاتون رکن صوبائی اسمبلی پر حملہ کرنے کی کوشش کے ساتھ ساتھ سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیااپوزیشن اراکین کے اس سنگین،مکروہ اور غیر پارلیمانی رویے سے نہ سرف ہمارا بلکہ پورے ایوان کا استحقاق مجروح ہواہے لہذا اس تحریک کو باضابطہ قرار دیتے ہوئے مجلس استحقاقات کے سپر د کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں