پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے،شاہ محمود قریشی

انقرہ :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے”انطالیہ سفارتی فورم“کے موقع پر کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جو مشترک عقیدے اور اقدار کے گہرے بندھن پر استوار ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ کویت میں مقیم پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔وزیر خارجہ نے ویزوں پر عائد پابندیوں میں، پاکستانیوں کیلئے نرمی برتنے پر، کویتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان، فوڈ سیکورٹی کے شعبے میں کویت کی معاونت کرنے کیلئے تیار ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا، کویتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورہ کویت کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا،دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین دیرپا اسٹریٹیجک شراکت کاری کیلئے جامع پلان مرتب کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور کثیرجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں