بلوچستان اسمبلی بجٹ اجلاس ہنگامہ، وزیراعلیٰ کو مستعفی ہوجانا چاہیے،مولانا عبدالواسع

کوئٹہ :جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے اپوزیشن اراکین کے خلاف ایف آئی درج کا اندراج کرایا ہے، عوام حکومت کی نااہلی اور منفی ہتھکنڈوں سے بخوبی واقف ہے، کسی بھی اپوزیشن رکن کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مولانا عبدالواسع نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعلی اور اس کی حکومت کا اصل چہرہ عوام پر عیاں ہوچکا ہے، اپوزیشن اراکین کو کچلنے کی کوشش اور اسمبلی کی توہین کرنے جیسے اقدامات کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز اسمبلی اجلاس میں جس طرح انداز ہنگامہ آرائی کی گئی اور حکومت کی جانب سے اپوزیشن اراکین پر جس طرح سے حملہ کیا گیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ اس تمام تر صورتحال کے بعد وزیراعلیٰ کو اخلاقی طور پر مستعفی ہوجانا چاہیے، ہم نے شروع دن سے اس نااہل اور سلیکٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کیا۔ انہوں نے کہاکہ جام سے اپنے خوش ہیں اور نہ ہی پرائے۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن صوبے کے اصل مالک اور حکمران ہیں ہم جمہوری طرز سیاست پر یقین رکھتے ہیں اور صوبے کے عوام کی خدمت کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قائدین کی مشاورت سے آئندہ کا لائحہ طے کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت کی جانب سے کسی بھی اپوزیشن رکن کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو پھر حکومت نہیں چلنے دیں گے حکومت اپنے ناکامیوں کو چھپانے کیلئے ایسے حالات پیدا کررہے ہیں تاکہ عوام کی ناقص بجٹ سے توجہ ہٹائی جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں