جوہری ڈیل کوبچایاجاسکتا ہے لیکن ہمیشہ مذاکرات نہیں کرتے رہیں گے، ایران

تہران:ایران نے کہا ہے کہ چھ عالمی طاقتوں کے ساتھ 2015 میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کو بچایا جاسکتا ہے لیکن ساتھ ہی خبردار کیا ہے کہ وہ اس موضوع پر ہمیشہ مذاکرات نہیں کرتا رہے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ایران جوہری سمجھوتے کو بچانے کاپختہ عزم رکھتا ہے جبکہ امریکا نے اس کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی ہے۔ایران نے ویانا میں مذاکرات میں اب تک سب سے فعال کردار ادا کیا ہے اور اس نے سب سے زیادہ تجاویزپیش کی ہیں۔انھوں نے کہا کہ اگرامریکا سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ناکام پالیسی سے دستبردار ہوجائے تو جلد ایک نئی ڈیل ممکن ہے لیکن ایران ہمیشہ کے لیے مذاکرات جاری نہیں رکھے گا۔واضح رہے کہ امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مئی 2018 میں ایران سے طے شدہ جوہری سمجھوتے سے یک طرفہ طور پرعلاحدگی کااعلان کردیا تھا اور اس کے خلاف اسی سال نومبر میں سخت اقتصادی پابندیاں عاید کردی تھیں۔ان سے ایرانی معیشت زبوں حال ہوچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں