بلوچستان کا نیا بجٹ صوبے کی تقدیر بدلے گا،سردار عبدالرحمن کھیتران

کوئٹہ:صوبائی وزیر خوراک بہبودابادی سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا ہے کہ بلوچستان کے  بجٹ 2021-22 میں تمام اضلاع کو برابری کی بنیاد پر عوامی فلاح و بہبود کے لئے بہترین منصوبے پیش کرنے پر وزیراعلیٰ جام کمال خان کے مشکور ہیں۔جبکہ موجود صورتحال میں وزیر اعلیٰ جام کمال تمام اراکین اسمبلی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا بلوچستان کا نیا بجٹ اس پسماندہ صوبے کے عوام کی تقدیر بدلنے کے لئے ترقی و خوشحالی کا نیا باب رقم کرے گا۔جبکہ صوبے کی تاریخ میں اہل بلوچستان کے لیے ترقیاتی بجٹ میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا ہے۔جس سے یہاں کے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جاسکیں گی انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار یہاں کے باسیوں کو امن و امان کے بہتر فضاء کی فراہمی،تعلیم،صحت،پینے کا صاف پانی،زراعت، انفراسٹرکچر سمیت دیگر شعبوں میں خطیر فنڈز مختص کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبے کو اولیت دیتے ہوئے موجودہ بجٹ میں نئے اسکولوں اور ہسپتالوں کی تعمیر اور موجودہ ہسپتالوں کے لیے سہولیات میں اضافے اور متعدد منصوبوں سمیت صوبہ میں پہلی بار ہیلتھ کارڈ کے اجراء کو موجودہ حکومت کی بڑی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سال وفاقی پی،ایس،ڈی،پی میں بھی اہل بلوچستان کے لیے ریکارڈ منصوبے اور فنڈز رکھے گئے ہیں۔انہوں نے موجودہ بجٹ سے متعلق تمام اعتراضات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر کے تمام اضلاع کو ترقی کے سفر میں شامل کرتے ہوئے ہر ضلع کیلئے علیحدہ ترقیاتی پیکیج بنایا گیا ہے جس سے کسی ضلع کی حق تلفی نہیں ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں