چین سے مزید 22 ٹن امدادی سامان پاکستان پہنچ گیا
اسلام آباد: چین سے ایک اور طیارہ امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا، امدادی سامان میں وینٹی لیٹرز، سرجیکل ماسک اور حفاظتی گاؤن کیلیے بغیر سلا کپڑا شامل ہے۔تفصیلات کے مطابق کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کی طرف سے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے،چین سے پاکستان ایئر لائن کا خصوصی طیارہ امدادی سامان لے کر پاکستان پہنچ گیا۔پاکستان ایئر لائن کا 777 جہاز چینگڈو سے 22 ٹن سامان لیکر پاکستان پہنچا ہے جسے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وصول کیا۔ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سامان کی وصولی کے وقت وزیر مملکت زرتاج گل بھی موجود تھیں۔ترجمان کے مطابق چین سے آنے والے سامان میں 59 وینٹی لیٹرز اور 936 کلو سرجیکل ماسک شامل ہیں جبکہ حفاظتی گاؤن کیلیے 1720 کلو بغیر سلا کپڑا بھی آیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دستانے اور تیار حفاظتی سوٹ، تھرمامیٹر اور حفاظتء عینکیں بھی سامان میں شامل ہیں۔چیئرمین این ڈی ایم اے محمد افضل کا کہنا تھا کہ سامان کی فراہمی میں کسی قسم کا صوبائی فنڈ شامل نہیں۔