عوامی مسائل کے حل کیلئے آن لائن کھلی کچہریوں کے انعقاد کی منظوری

اسلام آباد: کورونا وائرس صورتحال پر حکمت عملی جائزہ یکم مئی کے بعد لیا جائے گا، عوامی مسائل کے حل کیلئے آن لائن کھلی کچہریوں کے انعقاد کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے مطابق عوامی مسائل کے حل کے معاملہ میں وزیراعظم نے آن لائن کھلی کچہریوں کے انعقاد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم آفس کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر 10 وفاقی وزارتوں کے 24اداروں کیلئے ایس او پیز تیار کئے گئے ہیں جن کی منظوری وزیراعظم نے دے دی ہے، پی ایم ڈبلیو ای یونٹ نے متعلقہ وزارتوں اور اداروں کے اعلیٰ افسران کو ہدایت جاری کر دی ہیں جبکہ وزیراعظم کی جانب سے پی ایم ڈبلیو ای یونٹ کو کھلی کچہریوں کو مانیٹر کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ وزیراعظم آفس نے ہدایت جاری کی ہے کہ عوامی شکایات کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائے، کورونا صورتحال کے پیش نظر فی الحال آن لائن کچہریوں کی اجازت ہو گی، سوشل میڈیا، ریڈیو، کیبل ٹی وی، ویڈیو کانفرنس کا استعمال کیا جا سکے گا، وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا کہ یکم مئی کے بعد کورونا صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کا طریقہ کار طے کیا جائے گا، عوامی مسائل کے فوری حل کیلئے کھلی کچہریاں مستقل بنیادوں پر کام کریں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں