ٹائیگر فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی، شاہ محمود قریشی
اسلام ا ٓ باد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے احساس پروگرام کے تحت 144 ارب کی خطیر رقم مختص کی ہے، ٹائیگر فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی۔ ایک بیان میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ این اے 156 اور این اے 157 میں رضا کار (ٹائیگرز) فورس تشکیل دے دی گئی، فورس میں شامل رضا کاروں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ فورس عزت نفس مجروح کیے بغیر راشن مستحقین تک پہنچائے گی، وزیر اعظم نے احساس پروگرام کے تحت 144 ارب کی خطیر رقم مختص کی۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 12 ہزار روپے فی خاندان تقسیم کیے جا رہے ہیں، ایک کروڑ 12 لاکھ مستحق خاندانوں میں امدادی رقوم تقسیم کی جا رہی ہیں، پنجاب حکومت کے ساتھ انصاف امداد پیکج میں 25 لاکھ خاندانوں کو 25، 25 ہزار دیں گے۔وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ انصاف امداد پیکج کے تحت بھی امداد مکمل طور پر سیاست سے بالا ہوگی۔