اسپیکر قومی اسمبلی کا بجٹ 2020-21 پیش کرنے سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کا فیصلہ

اسلام آباد,اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بجٹ 2020-21 کو پیش کرنے سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بجٹ 2020-21 جون 2020 میں پیش ہونا ہے،کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر بجٹ کو پیش کرنے اور اسے پاس کرنے سے متعلق سیاسی پارٹیز کو اعتماد میں لینا ضروری سمجھتا ہوں،مشکل حالات میں عوام کو ریلیف دینا اور بجٹ کو بروقت پیش کرنا پارلیمنٹ کی ذمہ داری ہے۔اتوار کو اپنے ایک بیان میں اسد قیصر نے کہا کہ عالمی وباء کی وجہ سے عوام کو بے پناہ مالی مشکلات کا سامنا ہے،پارلیمنٹ اور عوام کو مل کر ملک کو معاشی بحران سے نکالنا ہو گا،بجٹ کو بروقت پیش کرنے کے لیے پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت سے مشاورت کی جائے گی،میری کوشش ہے کہ پارلیمان میں عوامی اہمیت کے حامل تمام امور پر کام جاری رہے، کمیٹیوں کے اجلاس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے جاری رکھنے کا فیصلہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پوری دنیا کو اس وقت کورونا وائرس نے جکڑا ہوا ہے،اس وباء سے نبرد آزما ہونے کے لیئے ہم سب کو ملکر قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی پارلیمانی ذمہ داریوں کو بھی نبھانا ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں