دبئی ایکسپو میں بلوچستان کے قدیم ورثہ، مستقبل کے امکانات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے،جام کمال خان
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت دبئی میں منعقد ہونے والے بین الاقوامی ایکسپو کی تیاریوں پر پیشرفت سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری اسفندیار خان، ڈی جی ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اور کور کمیٹی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کو ڈی جی و پراجیکٹ ڈائریکٹر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایکسپو اور کور کمیٹی کی جانب سے دبئی ایکسپو پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو ایکسپو میں ہونے والی سرگرمیوں، ٹائم لائن اور تھیمز سے متعلق انتظامات کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپو میں کلائمٹ، اسپیس، اربن اینڈ رورل ڈیویلپمنٹ، ایگریکلچر، واٹر، گلوبل گولز، ٹورزم، کلچر پرموشن سمیت دیگر شوکیسنگ تھیمز شامل ہیں۔ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان ایکسپو کے دوران چھ ماہ کے پروگرام کی بھی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ جن میں تجارتی اور سرمایہ کاری سیمینار، کانفرنسیں، ثقافتی شوز اور تقریبات وغیرہ شامل ہیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دبئی ایکسپو میں بلوچستان اپنی بھرپور تیاری کے ساتھ شرکت کر ے گا۔چھ ماہ تک جاری رہنے والی ایکسپو کے دوران دنیا بھر سے 200 سے زائد پویلین اور لاکھوں سیاحوں کی شرکت متوقع ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر ہدایت کی کہ دبئی ایکسپو میں بلوچستان کے قدیم ورثہ، پرکشش قدرتی ماحول اور مستقبل کے امکانات کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہر گڑھ کی قدیم ترین تہذیب کو دنیا کے سامنے روشناس کرانے کے ساتھ ساتھ بلوچستان میں متبادل توانائی کے ذرائع اور سرمایہ کاری کے بہترین مواقعوں کی فراہمی کو متعارف کرایا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قدرت نے بلوچستان کو قدرتی خوبصورتی، تاریخی مقامات، جونیپر کے جنگلات اور ساحلی پٹی سے نوازا ہے۔دبئی میں ہونے والے بین الاقوامی ایکسپو جیسے موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو بلوچستان میں کوسٹل اور مائننگ ایریاز میں موجود مواقعوں سے بھی روشناس کرایا جائے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واٹر، کارپوریٹ فارمنگ، آرگینک کاٹن، مینگروز پلانٹیشن اور وومن ایمپاورمنٹ سمیت دیگر شوکیسنگ تھیمز شامل کرنے کی ہدایت بھی کی۔


