میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے خلاف صحافیوں کا احتجاج، پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا

صحافیوں نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سخت قوانین پر مشتمل پاکستان میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی (پی ایم ڈی اے) کو مسترد کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دے دیا۔اسلام آباد میں ملک بھر سے صحافی تنظیموں کے عہدیداروں اور کارکنوں نے میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے خلاف احتجاج کیا اور پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ کر دھرنا دے دیا ہے۔صحافیوں کے احتجاج اور دھرنے میں اپوزیشن سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور خطاب کیا، اس کے علاوہ وکلا، برطرف سرکاری ملازمین، انسانی حقوق کے کارکن اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی دھرنے میں شریک ہیں۔میڈیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے قیام اور آزادی اظہار رائے کے خلاف حکومتی پالیسیوں پر صحافیوں، برطرف سرکاری ملازمین، وکلا اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے اسلام آباد پریس کلب سے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی۔مظاہرے کے شرکا نے حکومت کی پالیسیوں کو مزدور دشمن قرار دیتے ہوئے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔احتجاج میں شامل مظاہرین سے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین نے خطاب کیا اور حکومت کی یک طرفہ پالیسیوں پر شدید تنقید کی۔علاوہ ازیں مظاہرے کے شرکا نے متنازع قوانین واپس لینے تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں