پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس آج ہوگا، اپوزیشن کا احتجاج متوقع

اسلام آباد:پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس آج شام4 بجے شروع ہوگا۔ مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی خطاب کریں گے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس میں شرکت کیلئے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آج کے اجلاس میں اپوزیشن احتجاج اور شدید نعرے بازی کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان کے گورنر ووزرائے اعلیٰ، آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم، آئینی اداروں کے سربراہان کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

مشترکہ اجلاس میں چاروں صوبائی اسمبلیوں کے سپیکرز سمیت سپیکرز قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان اور وزیر اعظم کے معاونین خصوصی کو بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کیلئے خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔کورونا کی وجہ سے اراکین کیساتھ آنیوالے مہمانوں اور سکیورٹی گارڈز کو پارلیمنٹ ہاؤس داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

چیف جسٹس آف پاکستان، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، چیف الیکشن کمشنر سمیت آئینی اداروں کے سربراہان اور وفاقی سیکرٹریز کو بھی مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔اجلاس میں شرکت کیلئے مسلح افواج کے سربراہان پاکستان میں تعینا ت غیر ملکی سفیروں اور میڈیا کے نمائندوں کو بھی خصوصی دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔

مشترکہ اجلاس میں مدعو کیے گئے معزز مہمانوں کے بیٹھنے کے انتظامات کورونا ایس او پیز کے تحت کیے جائیں گے۔ کوروناکے پیش نظر اراکین پارلیمنٹ کے مہمانوں اور سکیورٹی گارڈز کو پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی۔اس سلسلے میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے خصوصی مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔ اراکین پارلیمنٹ کی سہولت کیلئے پارلیمنٹ لاجز سے پارلیمنٹ ہاؤس تک خصوصی شٹل سروس چلائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں