غیر ملکی باشندوں کو پناہ دینے والوں کیخلاف کاروائی عمل میں لائی جائے گی،چیف سیکرٹری بلوچستان

کوئٹہ: چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی زیر صدارت صوبے میں امن وامان کی صورتحال کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال بلخصوص غیر ملکی باشندوں کا غیر قانونی طریقے سے صوبے میں آمد، داخلی راستوں پر کڑی چیکنگ سمیت دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس محمد طاہر رائے، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی دوست علی بلوچ، بریگیڈیئر عابد، سپیشل سیکرٹری داخلہ، کمشنر کوئٹہ ڈویڑن سمیت قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان نے امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں غیر قانونی طریقے سے آئے ہوئے لوگوں کیخلاف کاروائی کی جائے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ غیر ملکی باشندوں کو پناہ دینے والوں کیخلاف کاروائی عمل لائی جائے گی۔ چیف سیکرٹری نے صوبے کے تمام داخلی راستوں پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی طور پر صوبے میں داخل ہونے والے غیر ملکی باشندوں کے خلاف فارن ایکٹ کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں