چیئرمین نیب کا خود کونیب افسر ظاہر کرنے والے جعلی عناصر کیخلاف سخت کارروائی کا حکم

لاہور نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال کی جانب سے چند عناصر (جوخود کو نیب آفیسر ظاہر کر تے ہوئے مختلف حکومتی و پرا ئیویٹ اداروں یا عہدیداروں کو اپنے ذاتی کام نکلوانے یا غیر قانونی طور پر دباﺅ ڈالنے کی غرض سے ٹیلی فون نمبرز پر رابطہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں )کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔نیب ترجمان کے مطابق مختلف ذرائع سے موصول ہونے والی ان اطلاعات و شکایات کے مطابق ایسے عناصر عموما واٹس ایپ پر نیب افسران کی تصاویر لگاتے ہوئے انٹرنیشنل نمبروں کا استعمال کرتے ہیں، مزید یہ کہ ایسے عناصر کی جانب سے اکثر و بیشتر مختلف سافٹ ویئرز کی مدد سے ناقابل شناخت نمبروں کے استعمال کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جن کے خلاف نیب قانون کے مطابق کارروائی کا مکمل اختیار رکھتا ہے۔انہوں نے بتایا نیب انٹیلی جنس ونگ کی جانب سے اب تک ایسے12 ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جا چکی ہے، اس تنا ظر میں نیب عوام کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مرتبہ پھر آ گاہ کرتا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی واضح ہدایات ہیں کہ نیب کا کوئی افسر کسی کیس کی انکوائری یا انویسٹی گیشن کے دوران کسی ملزم یا ادارے سے فون پر رابطہ نہیں کرے گا بلکہ قانون کے مطابق سرکاری مراسلہ ارسال کر تے ہوئے متعلقہ شخص یا ادارے سے رابطہ کرنے کا مجاز ہوگا۔نیب ترجمان نےکہا اس حوالے سے کسی بھی نوعیت کی شکایت کی صورت میں فوری طور پرنیب دفترسے رابطہ کر یں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں