سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے، شعیب اختر

اسلام آباد: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین سیریز سکیورٹی خدشات کے باعث منسوخ ہوگئی۔ فاسٹ بالر شعیب اختر نے نیوزی لینڈ سے اچانک سیریز منسوخ ہونے پر کہا کہ سیریز منسوخ ہونے سے پاکستان کو دھچکا لگا ہے۔ شعیب اختر نے واضح کیا کہ سکیورٹی کی کلئیرنس کے بعد ہی نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم پاکستان آئی تھی۔شعیب اختر نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو فول پروف سکیورٹی دی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میں نیوزی لینڈ اور ان کے بورڈ کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ یہ کوئی کلب کی ٹیم نہیں ہے نہ ہی کوئی اور ٹیم ہے یہ پاکستان کی قومی ٹیم ہے۔ مجھے غصہ اس بات کا ہے کہ آپ نے دھمکی کس کو دی ہے؟ ہم دنیا کے سب سے عظیم ملک سے تعلق رکھتے ہیں لہذا ہمیں اس طرح دھمکانا بند کریں۔مستقبل میں آپ جو بھی کہیں سوچ سمجھ کر بولیں، اگر میں پی سی بی حکام کی جگہ ہوتا تو میں ان کو صاف جواب دیتا کہ نہیں کھیلنا تو نکلو یہاں سے۔ اور ہم اب پانچ سال کے لیے تمہارے ساتھ کھیلیں گے بھی نہیں۔ انہوں نے پی سی بی حکام کو بھی ہدف تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی سی بی میں جو لوگ بیٹھے ہوئے ہیں انہیں بات بھی کرنی نہیں آتی، سب لوگ ہمیشہ باتیں سنتے ہیں، میں ان کی جگہ ہوتا تو ان کو ایسا جواب دیتا کہ یہ یاد رکھتے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں