حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے چھٹکارا پانے کیلئے تحریک عدم اعتماد کا سہارہ لیا ہے، ملک سکندر ایڈووکیٹ

کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں قائد حزب اختلاف ملک سکندر خان ایڈووکیٹ نے کہاہے کہ بلوچستان میں گورننس اور حکمرانی کافقدان تھا متحدہ اپوزیشن نے عوام کو درپیش مسائل اور حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے چھٹکارا پانے کیلئے تحریک عدم اعتماد کاسہارالیاہے اور امید ہے کہ ہم کامیابی حاصل کرلیں گے،عوام کے وسائل کو عیاشیوں پر خرچ کرنے والوں کا احتساب وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ملک سکندرایڈووکیٹ نے کہاکہ متحدہ اپوزیشن پرعزم ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں مکمل کامیابی ملے گی اپوزیشن جماعتیں تین سال سے مناسب وقت کیلئے انتظار میں تھی اور موجودہ حالات کومدنظررکھتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد کااقدام اٹھانے کافیصلہ کیا تاکہ عوام کو مسلط کردہ وزیراعلیٰ اور ناقص پالیسیوں سے چھٹکارا ملیں انہوں نے کہاکہ شروع لیکر آج تک صرف اپوزیشن جماعتیں زیر عتاب نہیں تھی بلکہ بلوچستان عوامی پارٹی میں شامل لوگ بھی جام کمال سے نالاں اور پریشانی کاشکار تھے بلوچستان میں گورننس اور خراب طرز حکمرانی ہونے کی وجہ سے عوام شدیدمشکلات سے دوچار ہیں گورننس کافقدان،کرپشن عروج پر ہے جبکہ عوام کے حقوق غصب کرنا بھی عروج پر ہے بلوچستان کی غریب عوام کے وسائل کو من پسند افراد کے عیاشیوں پر خرچ کیاجاتاتھا یہ عوام کے ساتھ سراسرزیادتی بلکہ ایسے ناانصافیوں وزیادتیوں کی تلافی بھی ممکن نہیں ہے انہوں نے کہاکہ ان تمام تر مسائل اور زیادتی کی تلافی وزیراعلیٰ کو ہٹانے میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں