بھارتی آرمی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ

سرینگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی آرمی کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا۔بھارتی وزارت دفاع کے مطابق حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ حادثہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے اودھم پور میں پیش آیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق فوجی ہیلی کاپٹر معمول کے مشن پر تھا کہ فنی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔مقامی پولیس کے مطابق شدید دھند کے باعث حد نگاہ کم ہونے کی وجہ سے ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا۔ انڈین آرمی کی جانب سے تحقیقات کیلئے بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

جاری بیان کے مطابق پیٹنی ٹاپ میں ٹریننگ مشن پر حادثے کا شکار ہونے والا سورٹی چیتا ہیلی کاپٹر تھا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ 3 اگست کو بھی بھارتی آرمی کا ہیلی کاپٹر رانجیت ساگر ڈیم کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا۔

بھارتی چیتا ہیلی کاپٹر فرانسیسی ساختہ سنگل انجن پر مشتمل ہے، جو اؤنچائی اور سخت موسم میں آپریشن کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس ہیلی کاپٹر میں 5 سیٹیں ہوتی ہیں۔ یہ ایک ملٹی رول اور ملٹی مشن ہیلی کاپٹر ہے جسے سخت موسمی حالات میں استعمال کیا جاتا ہے۔

بھارتی ایئرفورس، آرمی اور نیوی مشترکا طور پر 205 چیتا ہیلی کاپٹر استعمال کر رہے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر سیاچن میں فوجی مشن کیلئے بھی استعمال ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں