مولانا فضل الرحمان پھر سرگرم،سابق وزیراعظم سے رابطہ، خدشات کا اظہار

اسلام آباد:پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی سے رابطہ کرکےانتخابی اصلاحات کمیٹی سے متعلق اپنے خدشات کا اظہار کیاہے۔ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہےکہ جےیوآئی کسی بھی انتخابی اصلاحات کمیٹی کا حصہ نہیں ہوگی، جے یوآئی کسی پلیٹ فارم پرعمران خان کی حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھے گی۔

انہوں نے کہاکہ ن لیگ پی ڈی ایم کا حصہ ہے کسی بھی معاملے پر پی ڈی ایم کو اعتماد میں لینا ہوگا۔واضح رہےکہ رواں ماہ کے پہلے ہفتے پارٹی کے قائد نواز شریف کی ہدایت پرمسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کولاہور میں سیاسی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی تھی۔ذرائع ن لیگ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کو فوری طور پر مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم نو کی ہدایت کی گئی ۔

ذرائع کے مطابق اس حوالے سے پارٹی صدرشہباز شریف نے ہدایت جاری کی تھی کہ لاہور میں غیر فعال عہدیداران کے بجائے متحرک کارکنوں کو عہدے دئیے جائیں۔ذرائع ن لیگ کے مطابق مسلم لیگ ن کے نائب صدرحمزہ شہباز نے شہباز شریف کی ہدایت پر مسلم لیگ ن لاہور کی تنظیم سازی کے لیے اہم لیگی رہنماؤں سے مشاورت بھی کی تھی۔

مشاورت میں مرکزی لیگی رہنماؤں نے حمزہ شہباز کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اس حوالے سے خود کارکنوں سے ملاقاتیں کریں۔مرکزی لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہر صوبائی حلقے میں خود جائیں اور کارکنوں کی تنظیم سازی کے حوالے سے آراء لیں۔ اس عمل سے کارکنوں میں جوش اور جذبہ بڑھے گا۔

لیگی رہنماؤں نےحمزہ شہباز کو مشورہ دیتے ہوئے مزید کہاتھا کہ کارکنوں سے ڈائریکٹ رابطے سے سیاسی سرگرمیاں بھی تیز ہو جائیں گی اور کارکنان بھی متحرک ہوں گے۔ذرائع ن لیگ کے مطابق لیگی رہنماؤں کے مشورے پر مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز نے اپنی ٹیم کو دوروں کے حوالے سے شیڈول تیار کرنے کی بھی ہدایت کی تھی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں