شاہ محمود قریشی کی فن لینڈ اور جاپانی ہم منصبوں سے ملاقات، خطے کی سیاسی صورتحال پر گفتگو

نیویارک :نیویارک میں جاری اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نھے اپنے فن لینڈ کے ہم منصب، پیکا ہاویسٹو کیساتھ ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان فن لینڈ کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان سفارتی روابط کی سات دہائیاں مکمل ہونے پر وزیر خارجہ ہاویسٹو کو مبارکباد دی وزیر خارجہ نے فن لینڈ کے ساتھ سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے، معاشی بندھن کو گہرا کرنے اور تعلیمی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ سیاسی مشاورت کا اگلا اجلاس جلد منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اسلام آباد میں فن لینڈ کا سفارت خانہ دوبارہ کھلنے سے ہمارے تجارتی تعلقات وسعت پذیر ہوں گے اور عوامی سطح پر روابط میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور فن لینڈ کے درمیان اعلیٰ سطحی روابط کا فروغ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں معاون ثابت ہو گا۔وزیر خارجہ نے، فن لینڈ کے وزیر خارجہ ہیکا ہیوستو کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔وزیر خارجہ نے فن لینڈ کے وزیر خارجہ کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔دوسری جانب وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 76 ویں اجلاس کے موقع پر جاپان کے وزیر خارجہ مسٹر توشی مِٹسو موتیجی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، افغانستان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان جاپان کے ساتھ اپنے سیاسی اور معاشی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان جاپان کو ایک ترقیاتی حوالے سے قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے، ہم 2022ء میں پاکستان اور جاپان کے سفارتی تعلقات کی 70 ویں سالگرہ کو پرجوش انداز میں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر خارجہ نے پاک جاپان باہمی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے جاپانی ہم منصب کو افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ افغانستان میں پائیدار امن اور استحکام کا قیام خطے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان میں نمو پاتے انسانی اور معاشی بحران کے خاتمے کے لیے،ضروری ہے کہ عالمی برادری افغانوں کی معاونت کو یقینی بنائے۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے شواہد پر مشتمل ایک ”ڈوزیر“جاپانی ہم منصب کو پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں