مالی مضبوطی کی بنیاد پر عالمی بحران کا مقابلہ کر رہے ہیں، سعودی وزیر خزانہ

ریاض:سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان نے باور کرایا ہے کہ مملکت اپنی طاقت کی پوزیشن کے بل بوتے پر موجودہ عالمی بحران کا مقابلہ کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں مملکت کی مالی پوزیشن کی قوت، زر مبادلہ کے ضخیم ذخائر اور نسبتا کم حکومتی قرضے پیش نظر ہیں۔ حالیہ عرصے میں کریڈٹ ریٹنگ ایجنسیوں کی مثبت رپورٹوں میں سعودی عرب کی معیشت کی طاقت اور مضبوطی اور موجودہ عالمی بحران کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت کو باور کرایا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الجدعان نے سعودی حکومت کی جانب سے دنیا بھر میں کرونا کا شکار ہونے والوں کے لیے تعزیت بھی پیش کی۔ انہوں نے باور کرایا کہ سعودی حکومت کی اولین ترجیحات میں وہ احتیاطی اقدامات سرفہرست ہیں جن کے ذریعے شہریوں اور غیر ملکی مقیمین کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔ علاوہ ازیں مملکت میں کرونا سے متاثرہ ہر طبقے کو مادی سپورٹ فراہم کرنے پر بھی عمل درامد جاری ہے۔سعودی وزیر خزانہ نے زور دیا کہ اس وقت ایسی مالیاتی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے جن کے ذریعے معیشت کی تیز تر بحالی کے لیے حالات سازگار بنائے جا سکیں۔ ان تدابیر کا ہدف اور دورانیہ متعین ہونا چاہیے۔ یہ مکمل طور پر شفاف ہوں تا کہ مالیاتی خطرات پر قابو پایا جا سکے۔الجدعان نے بتایا کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے خصوصی اقدامات کے واسطے 120 ارب ریال مختص کیے ہیں۔ یہ مملکت کی مجموعی مقامی پیداوار کا 4 فی صد ہے۔ حکومت نے نجی سیکٹر میں واجبات کی ادائیگی کا عمل مکمل کرنے کے لیے بدھ کے روز 50 ارب ریال مختص کرنے کا اعلان کیا۔سعودی وزیر کے مطابق حکومت تمام تر صورت حال کا بہت قریب سے جائزہ لے رہی ہے۔ ضرورت پڑی تو حکومت مزید مالی سپورٹ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں