حکومت ناکامیوں اورمصیبتوں کی ایک داستان ہے، سراج الحق

اسلام آباد:امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ناکامیوں اور مصیبتوں کی ایک داستان ہے۔تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم مہنگائی کی چکی میں مسلسل پس رہی ہے ، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور مغربی دباؤ ایک طرف اور دوسری طرف کرپٹ سیاستدان ہیں۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ گیارہ صفحات پر مشتمل وائٹ پیپر جاری کر رہے ہیں۔

اس سے قبل امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے خواتین یوتھ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ میرے لیے سعادت ہے کہ اسلام آباد میں ماؤں ، بہنوں اور بیٹیوں سے مخاطب ہوں ، ہم اچھی اور خوبصورت دنیا و آخرت کی دعا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ اچھی دنیا سے مراد ایسی دنیا جس میں سب کے لیے حلال کے راستے کھلے اور حرام کے راستے بند ہوں ، ایسی دنیا جس میں جہالت اور ظلم نہ ہو، ایسی دنیا جس میں تعلیم و صحت کی سہولیات ہوں ، ایسی دنیا جس میں انسان محفوظ ہو اور اس کی عزت و ناموس محفوظ رہے۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ اللہ نے دنیا کو انسانوں کےلیے بہترین بنانے والوں کے لیے ہی جنت کا وعدہ کیا ہے ، جماعت اسلامی کا منشور ہی انسانیت کی کامیابی ہے، ہم دنیاو آخرت کی بہتری کے لیے ہی خدمت کررہے ہیں ، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں میں فرق یہ ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ صرف ووٹ اور سپورٹ مانگتی ہیں جبکہ جماعت اسلامی ہمیں صحیح مسلمان، اچھا پاکستانی، اچھی حکمرانی اور اچھی دنیا کے ساتھ بہتر آخرت کا سبق دیتی ہے۔

سراج الحق نے کہا تھا کہ ہمارا کام صرف دنیاوی نہیں بلکہ دینی بھی ہے ، یہ دینی تحریک آپ کی رہنمائی چاہتی ہے ، ہم پیپلز پارٹی، ن لیگ کی طرح لوٹ کھسوٹ کے لیے نہیں آپ کی اصلاح کے لیے میدان عمل میں ہیں ، ہمارے اس کنونشن کا بنیادی مقصد ہے کہ یہ بیٹیاں بھی حضرت فاطمہؓ کی سیرت پر چلیں ، حضرت فاطمہؓ وہ ہستی ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں حضور اکرم ﷺ کے ساتھ رہیں ، غزوہِ احد کے مقام پر جب چند اصحاب باوفا موجود تھے تو آپ بھی ساتھ تھیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ غزوہِ احد میں حضور اکرم ﷺ بھی زخمی تھے ، حضرت علیؓ بھی زخمی تھے، حضرت فاطمہؓ آپ کی تیمار داری میں مگن تھیں ، دنیا ہالی ووڈ کے اداکاروں کو ماڈل سمجھتی ہے مگر خواتین کے لیے حضرت فاطمہؓ رول ماڈل ہیں ، ہمارے نوجوانوں کے رول ماڈل کوئی اور نہیں صرف امام حسن و امام حسین ہیں۔

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا تھا کہ مغربی این جی اوز ہمارا خاندانی نظام تباہ کرنے میں لگی ہوئی ہیں ، اسمبلی سے پاس ہونے والے بل کا مقصد بھی خاندانی نظام کو تباہ کرنا ہے ، ایک عورت کے حقوق کیلئے اللہ کے نظام کے علاوہ کون سا اچھا نظام ہے ، مغرب میں خاندانی نظام تباہ ہوگیا ہے ، یہ این جی اوز ابلیس کے چیلے ہیں ، یہ پاکستان کے خاندانی نظام کو تباہ کرنا چاہتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں