یہ حکمران عوام کو مار کر دم لیں گے،خورشید شاہ

کراچی:پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید احمد شاہ کا کہنا ہے کہ یہ حکمران عوام کو مار کر دم لیں گے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں سے یہ ہی اُمید ہے کہ اپنی بلا دوسرے کے سر ڈالو، سندھ کی تین شوگر ملز بند ہونے سے چینی مہنگی ہوئی یہ وزیراعظم کا افسوسناک بیان ہے۔خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اگر سندھ کی تین شوگر ملز بند ہونے سے چینی مہنگی ہوئی ہے تو پنجاب اور کے پی کے میں چینی مہنگی کیوں ہوگئی، معاملات ان کے کنٹرول میں نہیں ہیں اور الزام سندھ کی شوگر ملز پر لگا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکمران عوام کو مار کر دم لیں گے، کہا تھا سونامی آئے گا اور اس سونامی نے سب کو تباہ کردیا، سونامی کے بعد اب سُپر سونامی ملک میں آچکی ہے۔پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا ہے کہ میں کہتا ہوں عوام باہر نکل آئیں ظلم بہت بڑھ گیا ہے، عوام اسلام آباد کی طرف مارچ کریں اس حکومت کو نکال باہر کریں۔

اس سے قبل سید خورشید احمد شاہ نے سکھر پریس کلب کے سامنے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمیں کوئی فکر نہیں ہے ہم نے کوڑے بھی کھائے، جیلیں بھی دیکھیں، مہنگائی اتنی ہے کہ آج مائیں اور بہنیں دروازوں کی طرف دیکھتی ہیں کہ کوئی کھانا دے گا، یہ حکمران جھوٹے ہیں اور صرف جھوٹے وعدوں کی حد تک محدود ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا تھا کہ ڈالر سستا اور پیٹرول سستا کروں گا، آٹا سستا کروں گا، اب کیا ہوا؟ عمران خان 1 لاکھ نوکریاں اور گھر کہاں گئے؟خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کی خاطر ہمارے لیڈروں نے جانیں قربان کیں، ہم نے اپنے دور میں صوبوں کو بااختیار بنایا، 18 ویں ترمیم لائے، ہم نے روزگار دیا، سستا تیل بھی دیا، سستی بجلی بھی دی، مگر ہم نے لوگوں کو گرفتار نہیں کروایا، ہم نے اپنے دور میں آٹا گھی چینی، بجلی اور تیل مہنگی نہیں کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں