بیلجیئم میں ہلاکتوں کی تعدا د5828 ہوگئی ہے

بیلجیئم میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 398 مزید افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جس کے بعد بیلجیئم میں اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 5828 ہوگئی ہے، یہ اعداد و شمار پچھلے ہفتے کے ہیں، جس میں ہفتے کے روز 230 اور اتوار کے دن 168 افراد کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اسی طرح ان 48 گھنٹوں کے دوران ہی 2816 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد بیلجیئم میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد بھی 39983 تک جا پہنچی ہے، فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق گزشتہ 33 دن کے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں صورتحال میں بہت بہتری آرہی ہے۔ گزشتہ 2 گھنٹوں کے دوران صرف 232 افراد کو اسپتال لایا گیا ہے جبکہ اسپتال میں داخل افراد کی تعداد میں مسلسل کمی ہورہی ہے۔اس وقت اسپتالوں میں موجود کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 4922 ہے جبکہ انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل مریضوں کی تعداد 1071 ہے جن میں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 افراد کو حالت بہتر ہونے پر وینٹیلیٹرز سے ہٹا لیا گیا ہے۔فیڈرل ہیلتھ منسٹری کے مطابق 15 مارچ سے لے کر 19 اپریل تک 13362 افراد کورونا وائرس کے سبب اسپتالوں میں لائے گئے تھے جن میں سے 8895 افراد اپنے گھروں کو واپس جا چکے ہیں۔ بیلجیئم، کورونا سے اموات کی تعداد 5453 تک جا پہنچی۔ فیڈرل ہیلتھ منسٹری نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سماجی دوری یا حفاظتی تنہائی کو جاری رکھیں اور ماہرین کی ہدایات پر عمل کریں کیونکہ صرف اسی ذمہ دارانہ طرز عمل سے ہم اس وباء کو اجتماعی طور پر شکست دے سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں