اگر گوادر پر خصوصی توجہ دی جائے تو ملک اور خطے کی تقدیر تبدیل ہوگی، جعفر خان مندوخیل

کوئٹہ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ اس وقت گوادر بلوچستان کی ترقی کا ضامن بن چکا ہے اگراس شہر پر خصوصی توجہ دی جائے تو اس سے صوبے سمیت ملک اور خطے کی تقدیر تبدیل ہوجائے گی مگر بدقسمتی سے مرکزی حکومت کی جانب سے گوادر کے شہریوں کو نظر انداز ہونے سے گوادر کے شہری سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں گوادر کی عوام کے جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کریں۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ گوادر ایک عالمی بندرگاہ کی شکل اختیار چکا ہے اس کے باوجود بھی گوادر کے عوام بنیادی ضروریات زندگی کی تمام تر سہولیات سے یکسر محروم ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کے ثمرات سے سب سے پہلے اس کے حب گوادر اور بلوچستان کے عوام کو ملنے چاہیے مگر بدقسمتی سے حکمرانوں نے سی پیک کے ثمرات گوادر اور بلوچستان کے عوام کی بجائے ان صوبوں اور شہریوں کو دیا جہاں پہلے سے ہی بلوچستان کی نسبت ترقی یافتہ ہے مگر آج بھی بلوچستان کی عوام تمام بنیادی سہولیات زندگی سے محروم ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) گوادر میں ہونے والی احتجاج کی حمایت کرتی ہے اور ان کے مطالبات کے حل لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن سمجھتی ہے کہ جب تک گوادر کے عوام کو اعتمادمیں نہیں لیا جاتا اس وقت تک ترقیاتی عمل بے معنی ہے کیونکہ اگر ترقی دیناہے تو سب سے پہلے گوادر کے عوام کو روزگار کے مواقع کئے جائیں او روہاں کے عوام کو تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں