سرمایہ کار پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں، بلاول بھٹو زرداری

کراچی :پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سرمایہ کار پاکستان آئیں اور سرمایہ کاری کریں۔دبئی میں انوسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ سندھ خصوصا کراچی میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان کے عوام ہمیشہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے ساتھ کھڑے ہیں، گولڈن جوبلی پر اہل امارات کو مبارک باد دیتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان میں پبلک پارٹنرشپ کے تحت مقامی پیداوار کو فروغ دینے کی کوشش کررہے ہیں، دبئی انوسٹمنٹ کانفرنس کے موقع پر 6 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ہیں، جن میں کراچی میں پانی کی قلت دور کرنے سے متعلق یادداشت بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کو پانی صاف کرنے کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں، سمندر کے پانی کو صاف کرنے کا دبئی کا خصوصی تجربہ ہے اور ویسٹ انرجی پر بھی مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے، اسٹارٹ اپ اور چھوٹے کاروبار سے متعلق ایم او یو پر دستخط کیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ یو اے ای میں سرمایہ کاری کی خواہاں پاکستانی کمیونٹی کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کرنے کے لیے بھی ایم او یو سائن ہوا ہے۔ہم یواے ای کے سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں، سندھ خصوصا کراچی میں پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے وسیع مواقع ہیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی لیاری میں بین الاقوامی فٹ بال کلب قائم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں