وزیر اعظم کی وزراء کو گوادر جانے کی ہدایت

اسلام آباد (انتخاب نیوز)وفاقی کابینہ نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین دو طرفہ فضائی روٹ،پاک عراق فضائی سفر معاہدے میں ترمیم، یوریا کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے یوریا پلانٹس کو جنوری 2022 ء تک گیس فراہمی کی منظوری دیدی جبکہ کابینہ نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانی باشندوں کیلئے سیکیورٹی کلیرنس کی مدت 30 دن سے کم کر کے 15 دن کرنے اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے)کی جانب سے امداد کی فراہمی کی اجازت بھی دیدی۔کابینہ نے کروناء ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے والے2کروڑ پاکستانیوں کو دوسری ڈوز لگوانے کی اپیل کی ہے اور اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔منگل کووزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کروناء کی نئی قسم اومی کراؤن کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے وفاقی وزراء اسد عمر اور زبیدہ جلال کو جلد گوادر کا دورہ کرنے کی ہدایت دی تاکہ گوادر کے عوام کے مسائل کے جلد حل کے لیے سفارشات مرتب کی جاسکیں۔اجلاس میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین متعارف کرانے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا اختیار دینے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کابینہ نے اسلام آباد میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے استعمال کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ شوگر ریفارمز کمیٹی نے اپنی سفارشات حکومت کو پیش کر دیں،چینی پر سیل ٹیکس لگانے، درآمد کھولنے اور 15 لاکھ ٹن سٹاک برقرار رکھنے کے لئے برآمد کی اجازت دینے اور مزید کوئی سبسڈی نہ لگانے کی سفارشات کی گئیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے قائم کردہ شوگر ریفارمز کمیٹی کی شوگر انڈسٹری کے لئے مرتب سفارشات منگل کو وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کر دی گئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدر ی نے کہا ہے کہ گوادر کے مسئلے پر دو وفاقی وزرا اسد عمر اور زبیدہ جلال گوادر جائیں گے، الیکٹرانک مشین کے حوالے سے الیکشن کمیشن اپنی شرائط پر مبنی ٹینڈر جاری کرے،پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مؤقف کو ہی آگے بڑھا رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے خود آئندہ انتخابات کے لیے مشینیں مانگی ہیں،جنوری سے سندھ کے علاوہ تمام صوبوں میں صحت سے متعلق اخراجات حکومت اٹھائے گی،انڈیکس کے مطابق ٹماٹر، چکن، آلو کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے، چینی اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام رہا،ہمارے شور مچانے کے بعد سندھ حکومت نے تھوڑی بہتری کی تھی، اب بھی آٹا مہنگا ہے، حکومت سندھ قیمتیں کنٹرول کرے،تمام شہروں میں سبزڈائزڈ گیس ہے اور اس کا بوجھ ان 78 فیصد لوگوں پر آرہا ہے جن کے پاس گیس نہیں اور وہ بڑے شہروں میں رہنے والے 28 فیصد لوگوں کا بوجھ اٹھا رہے ہیں، ملک میں ہر سال 9 فیصد گیس کم ہو رہی ہے اور اگلے چند سالوں میں یہ ختم ہوجائے گی،گیس سلنڈر کے حوالے سے جامع پالیسی لارہے ہیں۔ منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ ’الیکٹرانک مشین کا معاملہ 2012 میں سب سے پہلے آصف علی زرداری نے اٹھایا تھا، اس کے بعد 2016 میں اس پر بات چیت ہوئی اور نواز شریف کی حکومت نے 2017 میں الیکشن کمیشن کو اس پر ایک جامع رپورٹ بنانے کی ہدایت دی۔گوادر کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گوادر کے مسئلے پر دو وفاقی وزرا اسد عمر اور زبیدہ جلال گوادر جائیں گے اور مظاہرین سے مذاکرات کرتے ہوئے وہاں کے حالات پر تبادلہ خیال کریں گے، جبکہ وزیر اعظم اس معاملے پر پہلے ہی نوٹس لے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے کئی گنا زیادہ گوادر میں پینے کے پانی پر خرچہ کیا گیا ہے، 700 ارب روپے کے سدرن بلوچستان منصوبے کا اعلان کر چکے ہیں جس میں 560 ارب روپے خالصتاً وفاق دے گا، اس کے باوجود اگر مسئلہ حل نہیں ہو رہا تو تحقیقات کی ضرورت ہے، دونوں وزرا وہاں جاکر اس کا جائزہ لیں گے اور وزیر اعظم کو جامع رپورٹ پیش کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ پرانے نوٹوں کو تبدیل کرانے کیلئے ایک سال دیاجارہاہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ افغانستان کیلئے ویزہ پالیسی میں نرمی کی جارہی ہے،گیس کے شعبے کی ڈی ریگولرائزیشن کی جارہی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ گیس سلنڈر کے حوالے سے جامع پالیسی لارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں