حکومت گوادر کے عوام کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں،لالا یوسف خلجی

کوئٹہ:بلو چستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے گوادر کے عوام کو حقوق دو تحریک اور حکومت کے درمیان معاہدے کو خوش آئند قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ اب حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ گوادر کے عوام کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں،گوادرکو حقوق دو تحریک کے رہنما بھی حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر نظر رکھیں تاکہ گوادر کے عوام کے جائز مسائل بروقت حل ہوسکیں۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام نے اپنے جائز مسائل کے حل کیلئے گزشتہ کئی روز سے گوادرمیں پرامن دھرنا دیکر حکومت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیاجس پر گوادر کے عوام مبارکباد کے مستحق ہیں کہ انہوں نے ثابت قدمی کے ساتھ اپنے مطالبات منظور کروائے۔انہوں نے کہا کہ گوادرکے عوام کی پرامن تحریک کے نتیجے میں حکومت نے گوادر کے عوام کو حقوق دو تحریک کے ساتھ تحریری معاہدہ کیا جسے بلوچستان امن جرگہ خوش آئند قرار دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر کے عوام کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر من و عن عمل درآمد کو یقینی بنانے کیلئے موثر اور عملی اقدامات اٹھائیں ا ورگوادر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادرسی پورٹ پر سب سے پہلا حق گوادراور بلوچستان کے عوام کا حق ہے جس پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ گوادر کو حقوق دو تحریک کے مطالبات تسلیم ہونے پر بلوچستان امن جرگے کے زیراہتمام 19دسمبر کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والا احتجاجی مظاہرہ ملتوی کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں