آرمی چیف سے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کی ملاقات

راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف نے اسلام آباد میں وزرائے خارجہ کے غیر معمولی 17 ویں او آئی سی اجلاس بلانے پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔ سربراہ پاک فوج نے کہا کہ او آئی سی کا یہ غیر معمولی اجلاس بین الاقوامی کوششوں کو آگے بڑھانے اور افغانستان کو بڑھتے ہوئے سلامتی اور انسانی بحران سے بچانے کے لیے انتہائی اہم ہے۔ آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تسلیم کرتا ہے، اسلامی دنیا میں مملکت کا منفرد مقام ہے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں استحکام کے لیے تنازعہ کشمیر کا پرامن حل ضروری ہے۔آرمی چیف نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان علاقائی امن اور خوشحالی کے لیے اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سعو دی وزیر خارجہ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کوششوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں