کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کیخلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی نواں کلی، سرہ غوڑگئی، ترین شار، کوٹوال علاقائی یونٹوں کے زیر اہتمام گیس پریشر کی کمی ولوڈشیڈنگ اور بندش کے خلاف نواں کلی پشتونستان چوک سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جو ریلی کی صورت میں پریس کلب کوئٹہ پہنچا اور احتجاجی جلسے میں تبدیل ہوا۔ جس سے پشتونخوامیپ کے ضلعی معاون سیکرٹری رحمت اللہ صابر، علاقائی سیکرٹری راحت خان بازئی، علاقائی سیکرٹری باز پشتون، علاقائی سیکرٹری ملک فرید اللہ کاکڑ، سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین حبیب الرحمن بازئی، پراپرٹی یونین کے حاجی سُور گل ملاخیل، انجمن تاجران کے رہنماؤں ولی افغان، عبدالوہاب خلجی، محمد حسن خلجی،محمد یار سلیمانخیل،انجینئر عبدالعزیز ودیگر مقررین نے خطاب کیا۔ ریلی کے شرکاء نے مختلف پلے کارڈ اٹھائے رکھے تھے جن میں گیس درست پریشر میں بحال کرو، سوئی گیس حکام کی طفل تسلیاں نامنظور، گیس پریشر کی کمی ولوڈشیڈنگ وبندش نامنظور ودیگر نعریں درج کیئے گئے تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے اپنے دور حکومت سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کے ساتھ اعلیٰ سطحی ملاقات کیں اور صوبے بالخصوص کوئٹہ شہر واطراف کے علاقوں میں گیس پریشر کی کمی،نئے پائپ کنکشنز، نئی آبادیوں کو گیس کی فراہمی، پرانے بوسید پائپ لائنوں کی تبدیلی، آبادی کو مد نظر رکھتے ہوئے بڑے پائپ لائنوں کی بچھائی سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت ہوئی اور مختلف تجاویز پیش کیئے گئے جن پر اُس وقت کے حکام نے مکمل یقین دہانی کرائی اور اس سلسلے میں پارٹی کے پارلیمانی ممبران نے سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈکوارٹر کراچی میں بھی مختلف اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں تجاویز پیش کرنے کے ساتھ ساتھ مسائل سے آگاہ کیا۔ اور گزشتہ سال بھی شدید سردی کے دور پارٹی اور عوام کے احتجاج کے باعث سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام نے یقین دہانی کرائی کے نئے گیس پائپ لائن نواں کلی واطراف کے اُن تمام علاقوں کے کنکشنز دیئے جائینگے اور گیس پریشر کی کمی کا مسئلہ مستقل طور پر حل کیا جائیگا۔ لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ اب بھی شدید سردی میں ایک سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود نئے گیس پائپ لائن سے فراہمی نہیں کی گئی اور نہ ہی گیس پریشر، لوڈشیڈنگ اور بندش کا خاتمہ کیا گیا۔ جس پر ایک بار پھر حکام سے ملاقاتیں کرنے انہیں مسائل سے آگاہ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا لیکن آج عوام مجبور ہوچکی ہے اور ایک بڑی تعداد میں یہاں سوئی سدرن گیس کمپنی کے خلاف احتجاج کررہی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا گیا کہ نواں کلی، سرہ غوڑگئی،کوٹوال، ترین شار، لیبر کالونی، کلی عمر خان، خلجی آباد،بیٹنی آباد، مدرسہ گلی،ہاشم سکیم، حاجی منان ٹاؤن، شلگزی ٹاؤن، بشیر آباد، مُلاخیل آباد، توخی آباد، میاں خیل آباد، کلی ناصران، محافظ کالونی،کلی راغہ، زرغون آبادواطراف کے علاقوں میں گیس پریشر کی مسلسل کمی،لوڈشیڈنگ وبندش کے مسئلے کو مستقل طور پر ختم کرکے اس کو حل کیا جائے اور مذکورہ بالا علاقوں کے صارفین وشہریوں کو بلا تعطل درست پریشر میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر گیس کی درست پریشر میں فراہمی کو یقینی نہ بنایا گیا تو پارٹی اپنے عوام کی تائید وحمایت کے ساتھ اس سے سخت احتجاج پر مجبور
ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں