افغان سیکورٹی فورسز کا اغوا کار گروہ کے خلاف بھرپور آپریشن، 5 افراد ہلاک

جلال آباد:افغانستان کے مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد شہر میں نگران حکومت کے انٹیلی جنس اہلکاروں نے ایک مسلح اغوا کار گروہ کو بے نقاب کر دیا ہے جس میں 5 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔مقامی حکومت نے منگل کو ایک سرکاری بیان میں بتایا کہ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس(جی ڈی آئی) کی خصوصی فورسز نے آج صبح جلال آباد شہر کے پولیس ضلع 1 کے علاقے قصبہ میں ایک اغوا کار گروہ کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا۔ کارروائی کے نتیجے میں گروہ کے 3 ممبران ہلاک ہو گئے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ فائرنگ کے دوران ایک مغوی سنار اور ایک جی ڈی آئی اہلکار بھی مارا گیا ہے اور کارروائی میں گروہ کے ٹھکانے کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔بیان کے مطابق 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور سیکورٹی فورسز نے بھاری مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود بھی قبضے میں لے لیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گروہ ننگرہار میں اسلحہ کے زور پر اغوا کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں