ایران کی جوہری جارحیت بین الاقوامی امن تباہ کر رہی ہے،برطانیہ،خلیجی ممالک

لندن:خلیجی ممالک اور برطانیہ کی جانب سے کہاگیا ہے کہ ایران کی طرف سے جوہری میدان میں جارحیت علاقائی اور بین الاقوامی امن کو تباہ کر رہی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بیان میں مذکورہ ممالک کے وزرائے خارجہ نے زور دیا کہ ویانا بات چیت ایرانی جوہری معاہدے کو بحال کرنے کا آخری موقع ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ جوہری معاہدے کی بحالی خلیج ریجن میں علاقائی امن کی ضمانت کے واسطے سفارتی کوششوں کا بہترین راستہ ہے۔ اس طرح ریجن کو مستقل طور پر وسیع تباہی کے ہتھیاروں سے پاک کیا جا سکے گا۔لیبیا کے حوالے سے وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر ملک میں 24 دسمبر کو شفاف اور آزاد صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے اجرا کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی کوششوں کی حمایت کا اعلان کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے لیبیا سے تمام غیر ملکی جنگجوں اور اجرتی قاتلوں کے بنا تاخیر انخلا پر بھی زور دیا۔یمن کے حوالے سے خلیجی اور برطانوی وزرائے خارجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حوثی ملیشیا اور اس کے حلیفوں کو ہتھیاروں کی پھر سے فراہمی کو روکا جائے گا۔ انہوں نے باور کرایا کہ یمن میں سیاسی عمل اور مذاکرات کے ذریعے تنازع کے سیاسی حل کی اشد ضرورت ہے۔خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے درمیان وزارتی سطح کا اجلاس لندن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور برطانوی خاتون وزیر خارجہ الزبتھ ٹروس نے کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں