جاپان کا افغانستان کیلئے 100 ملین ڈالر مالیت کی اشیائے ضروری کی امداد کا اعلان

ٹوکیو:جاپان نے افغانستان کے لئے 100 ملین ڈالر مالیت کی اشیائے ضروریہ پر مشتمل امداد کا اعلان کیا ہے۔ جاپانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق صحت، پانی اور حفظانِ صحت کی اشیا پر مشتمل 100 ڈالر مالیت کا امدادی سامان افغانستان بھیجا جائے گا۔یہ امداد اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) سمیت 16 مختلف بین الاقوامی تنظیموں کے ذریعے سے افغانستان پہنچائی جائے گی۔جاپان کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل این ایچ کے کے مطابق یہ طالبان انتظامیہ کے ملکی انتظام سنبھالنے کے بعد سے جاپان کی طرف سے افغانستان بھیجا جانے والا دوسرا امدادی پیکج ہوگا۔ جاپان حکومت نے اکتوبر 2021 میں بھی 58 ملین ڈالر مالیت کی ہنگامی انسانی امداد افغانستان روانہ کی تھی۔ افغانستان کی 38 ملین آبادی کو شدید سرد موسم میں بھوک اور افلاس جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ دنیا بھر میں طالبان حکومت کو تسلیم نہ کیے جانے کے باعث افغانستان کے مالی معاملات انتہائی مشکل حالات کا شکار ہیں۔جاپانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران، پاکستان، تاجکستان اور ازبکستان کو بھی مختلف انسانی امداد فراہم کی جائے گی۔اقوامِ متحدہ کی جانب سے افغانستان میں جاری انسانی بحران کے حوالے سے تشویشناک رپورٹس کے بعد او آئی سی کی جانب سے بھی گزشتہ اتوار کو ایک غیرمعمولی اجلاس اسلام آباد، پاکستان میں منعقد کیا گیا تھا جس میں وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں عوام کی بدحالی اور سنگین صورتحال پر عالمی توجہ مبذول کرائی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں