سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی جو قابل تحسین ہے، چیئرمین سینیٹ

اسلام آ باد : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے جو قابل تحسین ہے،مستحکم باہمی تعلقات سے پورا عالم اسلام مضبوط ہوگا، پاکستانی حکومت کے علاوہ پاکستانی عوام بھی سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے کے خواہاں ہیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول محفوظ اور سازگار ہے جس سے سعودی عرب کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے سعودی مجلس شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد آل شیخ کی اعلی اختیاراتی وفد کے ہمراہ اسلام آباد میں ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور تمام شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے معزز مہمان کو افغانستان کی صورتحال اور وہاں کے لوگوں کو بحران سے بچانے کیلئے اٹھائے گیے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مستحکم باہمی تعلقات سے پورا عالم اسلام مضبوط ہوگا، پاکستانی حکومت کے علاوہ پاکستانی عوام بھی سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات قائم رکھنے کے خواہاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل حالات میں مدد کی ہے، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول محفوظ اور سازگار ہے جس سے سعودی عرب کے سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، سعودی عرب کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں جس پر خوشی ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ قطر کی عوام بھی سعودی عرب کے ساتھ بہتر تعلقات استوار ہونے پر خوش ہیں اور خادم حرمین شریفین کی اس مخلصانہ کاوش پر ان کا مشکور ہوں۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ اوآئی سی کے وزرا خارجہ کے اجلاس کے کامیاب انعقاد میں سعودی عرب کا کردار قابل ستائش ہے، افغانستان میں پائیدار امن کیلئے پرامید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عراق کو مشکل حالات سے نکالنے کیلئے دونوں ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری جانب چیئرمین سعودی مجلس شوری کونسل کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد سعودی عرب کے نئے پارلیمانی سال کی تقریب میں شرکت سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کریں تاکہ دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ٹھوس لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔ واضح رہے کہ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ سینیٹرز حافظ عبدالکریم، نصیب اللہ بازئی، فیض محمد، فیصل سلیم اور سیکرٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں