وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردیں،فواد چوہدری

اسلام آباد :وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے انتخابات پرعدم اطمینان کا اظہار کیا ہے اور پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردی ہیں۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ملکی سیاسی صورتحال اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے ترجمانوں کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حکمت عملی طے کرلی گئی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے خیبر پختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میں کی گئی غلطیاں نہ دہرانےکی ہدایت کی ہے۔انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان پارٹی امیدواروں کے ٹکٹس کا خود جائزہ لےکر فیصلہ کریں گے۔

مخالف جماعتوں سے متعلق انھوں نے کہا کہ تحریک انصاف وفاق کی علامت ہے، پیپلزپارٹی صرف اندرون سندھ کی پارٹی ہے،جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن صرف پنجاب کی پارٹی ہے۔انھوں نے بتایا کہ بلدیاتی انتخابات کے لیے پارٹی عہدے دار کے رشتہ داروں کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ مقامی قیادت نہیں کرے گی۔ ٹکٹ دينے سے متعلق خصوصی کميٹی بنائی جائے گی۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی تمام تنظیمیں تحلیل کردی گئی ہیں اور تمام پارلیمانی بورڈ بھی تحلیل ہوں گے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی نیچے جاتی ہے تو پاکستان کی سیاست متاثر ہوتی ہے،چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں پارٹی بٹ جاتی ہے۔

انھوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی کی نئی آئینی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ٹکٹ دينے سے متعلق خصوصی کميٹی فیصلہ کرے گی۔خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں پی ٹی آئی کی شکست کے بعد عوامل جاننے کے لیے کمیٹی قائم کی گئی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ کے سفارشات کی روشنی میں پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے یہ اقدامات کئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں