چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا،عارف علوی

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے زریں اصولوں کو اپنانا ہوگا، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے ہمیں نظم و ضبط، بھائی چارے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے قائداعظم کے یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج پوری قوم محسن پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، قائداعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کی آزادی، علیحدہ خودمختار ریاست کے قیام کیلئے انتھک جدوجہد کی، قائداعظم نے اپنی صلاحیتوں، عزم اور غیرمعمولی کردار کی بدولت پاکستان کے خواب کو حقیقت میں بدلا، قائداعظم کے پاکستان کو عظیم تر بنانے کیلئے ہمیں ان کے بتائے اصولوں کو اپنانا ہوگا۔

عارف علوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کیلئے معاشرے کے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا، پاکستان کی خوشحالی کیلئے نظر انداز کئے گئے طبقات کی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دینا ہوگی، آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک عظیم اور مضبوط ملک بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں