گیس ذخائر نہیں‘ عمران حکومت میں اہلیت کی کمی ہے ٗسندھ حکومت

کراچی:سندھ حکومت نے حماد اظہر کے گیس کے قدرتی ذخائرمیں ہرسال کمی ہونے والے بیان پر رد عمل میں کہا ہے کہ کمی وسائل میں نہیں بلکہ کمی عمران حکومت کی اہلیت میں ہے۔ وزیر جامعات و ماحولیات اسماعیل راہو کا مزید رد عمل میں کہنا تھا کہ سندھ، بلوچستان میں گیس کے قدرتی ذخائر میں کوئی کمی نہیں ہو رہی، حماد اظہر جھوٹ بول رہے ہیں، گیس کے قدرتی ذخائر میں کمی پہلے کیوں نہیں تھی جو آپ کی حکومت میں ہو رہی ہے؟ اسماعیل راہو کا وزیراعظم سے گیس لوڈشیڈنگ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کوبغیر لوڈشیڈنگ کے گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے،ستر فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ سندھ کے عوام عمران حکومت کی نااہلی کی وجہ سے اپلوں پر کھانہ پکانے پر مجبور ہیں۔ وزیر ماحولیات کا کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 158 کہتا ہے کہ جس صوبہ سے گیس نکلتی ہے اس کا پہلا حق ہے، عمران حکومت جان بوجھ کر ملک میں گیس بحران پیدا کرکے ایل این جی مافیاز کا ساتھ دے رہی ہے، اپلوں کا دھواں ماحولیات کے لیے نقصان دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سندھ پہلے ہی پانی کی کمی اور ڈیلٹا کی بد حالی کی وجہ سے موسمیا تی تبدیلی کا شکار ہو رہا ہے،عمران حکومت سندھ دشمن ہے، سندھ کا پہلے پانی بند کیا گیا اب گیس بند کی گئی ہے،اب تو خود حکومتی اراکین بھی گیس بحران پر اپنی حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ سندھ کی گیس سندھ کو میسر نہیں اس سے بڑا سندھ کے عوام کیساتھ ظلم اورکیا ہوگا؟ کراچی سے کشمور تک گیس بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے مگر بنی گالا کا سلیکٹڈ خاموش ہے، سندھ کے بیشتر علاقوں میں گیس بند ہے اگر سپلائی ہے تو کم پریشر یا قلت کا سامنا ہے۔ اسماعیل راہو نے حکومتی اتحادیوں پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے اور ایم کیو ایم وزارتوں کی لالچ میں سندھ کے حقوق کی بات نہیں کرتے، سندھ کے حصے کی گیس دیگر صوبوں کو دینا ظلم ہے، صنعتوں اور گھریلو صارفین کو گیس مل نہیں رہی پھر جا کہاں رہی ہے، عمران حکومت جواب دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں