کوئٹہ شہر کو صاف ستھرا بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، میٹروپولیٹن کارپوریشن

کوئٹہ:ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کو صاف ستھرا شہر بنانے اور ٹریفک کے نظام کو رواں دواں رکھنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، عبدالستار روڈ کی بندش، تاجروں کو درپیش مشکلات و دیگر کے حل کے لئے عدالتی احکامات کی روشنی میں عبدالستار روڈ کا دورہ کیا اور تاجروں کے ساتھ مل کر کوئی لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز کوئٹہ کے مختلف شاہراہوں کے کے دورے، صفائی کے صورتحال کا جائزہ لینے اور سرکلر روڈ پارکنگ پلازے کے جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس سے قبل ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ شوکت علی نے سریاب لنک روڈ، علمدار روڈ، طوغی روڈ، جناح روڈ، مسجد روڈ و دیگر علاقوں سمیت سرکلر روڈ پارکنگ پلازہ کا دورہ کیا۔ ایڈمنسٹریٹر نے متوقع بارش و برف باری کی صورت میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لئے میونسپل حکام کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے ایم ٹی ورکشاپ سینٹر کا دورہ کرکے وہاں مشینوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں مرکزی انجمن تاجران کے صدر رحیم کاکڑ اور دیگر تاجر رہنماؤں کے ہمراہ انہوں نے عبدالستار روڈ کوئٹہ کا دورہ کیا اور عبدالستار روڈ کو ٹریفک کے لئے بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال اور دکانداروں کو درپیش مشکلات کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہاکہ شہر میں صفائی کی صورتحال کی بہتری کے لئے وہ خود شاہراہوں کے دورے کررہے ہیں اور وہاں لوگوں کو مشکلات کو مد نظر رکھ کر اقدامات اٹھائے جائیں گے اس سلسلے میں انہوں نے سریاب لنک روڈ، علمدار روڈ، طوغی روڈ، جناح روڈ، مسجد روڈ و دیگر علاقوں کے دورے کئے تاکہ صورتحال کا جائزہ لے کر لائحہ عمل طے کیا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے آج بروز پیر 27دسمبر کو سرکلر روڈ پارکنگ پلازے کا افتتاح کیا جائے گا جہاں 15سو سے زائد تک گاڑیوں کی پارکنگ کی گنجائش موجود ہے، عوام الناس سے گزارش ہے کہ وہ شاہراہوں پر گاڑیوں کو کھڑی کرنے کی بجائے شہر کے وسط میں موجود پارکنگ میں گاڑیاں پارک کریں تاکہ ٹریفک جام کے مسئلے پر قابو پایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں