کیسکو کا سحر و افطارکے اوقات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا اعلان

کوئٹہ:کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)نے ماہ رمضان کے مہینہ میں صارفین کو خصوصی ریلیف اوربجلی کی باقاعدہ فراہمی کیلئے مختلف انتظامات کئے ہیں۔اس سلسلے میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ اور کوئٹہ شہرسے باہر دیگربڑے شہروں میں سحری، افطاراورتراویح کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جائے گی تاہم صوبہ میں موجود تمام دیہی و زرعی فیڈروں کواُنکے پرانے شیڈول کے مطابق یومیہ مختلف اوقات کارمیں بجلی فراہم کی جائے گی۔کیسکوکے تمام سب ڈویژنوں میں عملہ اورلائن اسٹاف اپنے متعلقہ علاقوں میں اپنے فرائض انجام دیں گے۔اس دوران کسی بھی صارف کی جانب سے کسی بھی علاقہ میں فنی خرابی یاانفرادی شکایت موصول ہونے پر کیسکولائن اسٹاف بجلی کی بحالی کیلئے فوری کارروائی کرے گا اور کم سے کم وقت میں صارف کی شکایت کاازالہ کیلئے ہرممکن کوشش کرے گا۔ کیسکومانیٹرنگ سیل بجلی کی صورتحال سے کیسکوکے اعلیٰ حکام کوآگاہ کرتارہے گاتاہم صارفین اپنے متعلقہ سب ڈویژن کے علاوہ 118پر کال کرکے یا اپنے موبائل سے 8118پر میسچ (SMS)بھیج کر اپنی شکایات درج کرواسکتے ہیں۔ لہٰذا کیسکونے ماہ رمضان میں اپنے تمام صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ سحری، افطار اور تراویح کے اوقات میں تمام غیر ضروری برقی آلات بند کرنے کے علاوہ صرف ضرورت کے مطابق بجلی استعمال کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں