نواز شریف فروری سے پہلے ملک واپس نہیں آئیں گے،رحمان ملک

نودیرو:سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ نواز شریف فروری سے پہلے ملک واپس نہیں آئیں گے۔پیپلز پارٹی کے رہنما رحمان ملک نے نودیرو میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی فارمولا کے سلسلے میں آصف علی زرداری اگر کسی سے ملے بھی ہیں تو کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ڈھائی ماہ ملکی سیاست کے لیے اہم ہیں بہت سی باتیں کلیئر ہونے والی ہیں، نواز شریف فروری سے پہلے ملک واپس نہیں آئیں گے۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ حکومتی فارن فنڈنگ کیس اور پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے لاہور کے اجلاس کے بعد حکومتی صورتحال آنے والے دنوں میں واضح ہو جائے گی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ ادارے پندرہ بیس سال کی پالیسی بنائے ہوئے ہیں، وزیر داخلہ شیخ رشید کا یہ بیان محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے لیے تھا۔رحمان ملک نے کہا کہ شیخ رشید وزیر داخلہ ہیں ان کے پاس ضرور کوئی انفارمیشن ہوگی لیکن ان کے بیان کے بعد آنے والے وقت کا اندازا لگانا آسان ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے جسے دوباہ متحد کر کے ایک گروپ بنانے کی تیاریاں جاری ہیں، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم دونوں کو کہتا ہوں لڑائی نہ کریں دوست بن کر رہیں۔رحمان ملک نے دونوں پارٹیوں کو مشورہ دیا کہ ایم کیو ایم متحد ہوکر پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر کام کرے تو صوبہ سندھ کی ترقی ہوگی۔

انکا کہنا ہے کہ راجہ پرویز اشرف لیاقت باغ میں جلسے کے مخالف تھے وہ چاہتے تھے جلسہ گجر خان کھلے علاقہ میں ہو اور ناہید خان چاہتی تھیں کہ جلسہ لیاقت باغ میں نہ کرنا پیپلز پارٹی کی کمزوری ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کے سیکیورٹی ایڈوائزر کے طور پر ناہید خان سے سیکیورٹی کا پوچھا تو مجھے سیکیورٹی معاملے پر مداخلت سے روکا گیا، ان کے قتل کیس کی جے آئی ٹی نے 95 فیصد تحقیقات مکمل کر لیں ہیں، ثبوت اور کیس عدالتوں میں ہے ملزمان کو سزا عدالتیں دیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں